Saturday, March 7, 2026
صفحہ اولNewsجامعہ کراچی 3000 سے زائد طلبہ میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ تقسیم

جامعہ کراچی 3000 سے زائد طلبہ میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ تقسیم

کراچی : جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی طلبہ کی تعداد کے اعتبار سے ملک کی سب سے بڑی جامعہ ہے جہاں اس وقت 47 ہزار سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت جامعہ کراچی کو مجموعی طور پر 12 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 3064 طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے لیے منتخب کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک نے ٹیکنالوجی کو مطلوبہ حد تک نہیں اپنایا جس کے باعث آج ہم ٹیکنالوجی کے میدان میں دیگر اقوام سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے تعلیم کا شعبہ ہو، طب کا میدان ہو یا جنگی حکمتِ عملی، موجودہ دور میں ہر شعبہ ٹیکنالوجی کے گرد گھومتا ہے اور اس میں جدید ٹیکنالوجی کا کردار نہایت اہم ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز چائنیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقد ہ “وزیرِ اعظم لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ خواہشات ہر شخص کے دل میں ہوتی ہیں، مگر اصل کامیابی ان خواہشات کو عملی شکل دینے میں ہے، جس کے لیے مسلسل محنت، لگن اور عزم ضروری ہے۔ انہی اوصاف کے ذریعے انسان اپنے مقاصد حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان لیپ ٹاپس کو صرف سنبھال کر رکھنے کے بجائے عملی طور پر استعمال کریں اور اس سے بھرپور علمی و تحقیقی فائدہ اٹھائیں۔

وائس چانسلر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں حکومتِ پاکستان اور وزیرِ اعظم کے شکر گزار ہونا چاہیے جنہوں نے مالی مشکلات کے باوجود طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے تاکہ وہ جدید تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

ممبرپرائم منسٹرلیپ ٹاپ ڈسٹری بیوشن کمیٹی سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ کسی بھی ملک کے طلبہ اس قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، کیونکہ انہی نوجوانوں میں سے مستقبل کے مفکرین، سیاستدان، سائنسدان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات جنم لیتی ہیں۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان خوش قسمت ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی نے ان کی رسائی دنیا بھر تک آسان بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طلبہ اس سہولت کو مثبت انداز میں استعمال کریں تو وہ علم، تحقیق اور جدت کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ جامعہ کراچی نے ماضی میں بھی ملک کو بے شمار قابل شخصیات فراہم کی ہیں۔ انہی میں ایک معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی شامل ہیں، جن کی خدمات کے باعث پاکستان کا دفاع مضبوط ہوا اور آج کوئی بھی ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دین، وطن، والدین اور اساتذہ سے محبت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں اور تعلیم کے میدان میں محنت اور دیانت کو اپنا نصب العین بنائیں۔

فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام فہد شفیق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا بنیادی ویژن ملک کی معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو بے پناہ مواقع فراہم کر رہی ہے کیونکہ وہی پاکستان کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات اور مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو لیپ ٹاپ اسکیم، کاروباری معاونت، تعلیمی وظائف (اسکالرشپس)، انٹرن شپ پروگرامز، ووکیشنل ٹریننگ، اسپورٹس ایونٹس، انوویشن ایوارڈز سمیت دیگر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

فہد شفیق نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان سہولیات اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں کیونکہ یہی مواقع ان کے روشن مستقبل کی بنیاد بن سکتے ہیں

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین