Friday, January 16, 2026
صفحہ اولNewsسندھ بھر کے نجی اسکول و کالجز میں 9 جنوری کو ہڑتال...

سندھ بھر کے نجی اسکول و کالجز میں 9 جنوری کو ہڑتال کا اعلان

کراچی : ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کے مختلف ریجنز کی جانب سے عدالت میں جمع کردہ فری شپ ڈیٹا کی اینٹی کرپشن کے ذریعے تصدیق کے عمل پر پرائیویٹ اسکولز کے خدشات اور تحفظات کے حوالے سے گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کی جانب سے اہم اپریس کانفرنس کی گئی ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ میں کم از کم ساٹھ لاکھ بچے آوٹ آف اسکول ہیں ، 2022 کے سیلاب سے متاثر بایئس ہزار میں سے پندرہ ہزار سے زیادہ اسکولز کی تا حال نامکمل بحالی ، سندھ میں ہر سال سولہ لاکھ بچوں کا اسکول کی عمر میں پہچنا جبکہ سرکاری اسکولوں میں زیادہ سے زیادہ چار لاکھ بچوں کے داخلے کی گنجائش، اس وقت سندھ میں چالیس ہزار سے زیادہ سرکاری اسکولوں میں پچاس لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں اور تیرہ ہزار سے زیادہ پرائیویٹ اسکولز میں چالیس لاکھ بچے پڑھ رہے ہیں۔ جبکہ نوے فیصد سے زائد پرائیویٹ اسکولز میں ایک ہزار سے آٹھ ہزار روپے ماہانہ فیس دے رہے ہیں ۔

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے 8 دسمبر 2025 کو سندھ کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کی جانب سے جمع کردہ فری شپ ڈیٹا کی تصدیق کے لیے اینٹی کرپشن کو ذمہ داری دی ہے ۔ جس کے بعد اینٹی کرپشن نے ریجنل ڈائریکٹرز کو خط لکھ کر اسکولز کے معائنے شروع کر دیئے ہیں ۔

واضح رہے کہ پرائیویٹ اسکولز ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی بار بار کی ہدایات پر بار بار مطلوبہ کاغذات جمع کراتے رہے ہیں۔ لیکن لاکھوں بچوں کو تعلیم دینے اور فری شپ کی سوشل ریسپانسبلٹی پوری کرنے کی کوشش کے باوجود بمع والدین، ملزموں اور مجرموں کی طرح سوال و جواب کے چکر میں پھنسا دیئے گئے ہیں جس پر ہمارے بہت سے تحفظات، خدشات اور مطالبات ہیں ۔

سندھ میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے سندھ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز ایکٹ 2013 کے تحت قائم ہیں جس میں ان ریگولیٹری باڈی، ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کی شکل میں موجود ہے جو قوانین پر عملدرآمد کرائے گی اور خلاف ورزی پر قانون میں درج کارروائی کرے گی ۔ جب ایسا ہے تو پھر کسی اور ادارے کو اسکولز میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔

تعلیمی اداروں میں کثیر تعداد میں خواتین اساتذہ، اور بچے ہوتے ہیں جن کے لئے اس طرح کی سنگین تفتیشی صورتحال کا سامنا کرنا ناممکن ہے ۔ والدین کی طلبی ان کے لیے مشکل اور پریشان کن ہے۔ ضروری و غیر ضروری تفصیلات اور سوال و جواب والدین اور اسکولز کی انتظامیہ کے لیے ذہنی اذیت کا سبب ہے ۔

مسلح اہل کاروں اور ٹیموں کی شکل میں افراد کا تعلیمی اداروں میں خاص انداز سے آنا، نازک تعلیمی ماحول کے لیے کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے ۔ والدین کی جانب سے پورے ڈیٹا کے ساتھ انڈر ٹیکنگ اور اسکولز کی طرف سے مکمل لسٹ اور زیرو فی واوچر کے بعد مزید کسی تصدیق کی گنجائش نہیں ہے۔ اسکولز کس طرح اپنے اپنے کام یا ملازمت پر جانے والے والدین کو مجبور کر سکتے ہیں ک وہ گھنٹوں کے حساب سے اسکولوں میں آ کر بیٹھیں ۔

والدین کسی بھی انویسٹیگیشن ایجنسی کا سامنا کرنے میں انکار کی حد تک تذبذب اور دباؤ کا شکار ہیں ۔ باقاعدہ ایکٹ ،کنٹرولنگ اتھارٹی اور ریگولیٹری باڈی موجود ہیں اس کے بعد چھاپہ مار طرز کی کارروائیاں تعلیمی اداروں کی عزت اور وقار کے منافی ہے ۔

دی سیٹیزن فاؤنڈیشن کے چھبیس سو اسکولز کا کردار، مشنری اسکولز کی ڈیڑھ سو سال کی خدمات، اقراء اسکولز کی کوششیں، ٹرسٹ اسکولز کے طویل عرصے سے بہترین کام، درمیانی درجے کے اسکولز کی شب و روز کی محنت اور حتی کہ ڈیفینس فورسز کے مثالی تعلیمی اداروں کی ساکھ سب پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔

گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات پر غور کیا جائے ۔ ہمارے اہم مطالبات میں شامل ہے کہ تمام ممکنہ کاغذی کاروائی مکمل کرنے کے بعد اسکولز کی ریگولیٹری باڈی کے علاوہ کسی اور ادارے کو اسکولز میں براہ راست مداخلت کا اختیار نہیں دیا جائے ۔ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز فوری طور پر اپنے دفتر میں تصدیق کے عمل میں سہولت فراہم کریں اور اگر کوئی ضرورت ہو تو اسکول نمائندہ وہاں تصدیق میں ڈائریکٹوریٹ اور اینٹی کرپشن کے اسٹاف کی مدد کرے گا۔ اینٹی کرپشن کو فوری طور پر اسکولز جانے سے روکا جائے۔

معزز عدالت کی ہدایت کو صرف ڈیٹا کی تصدیق کی حد تک رکھا جائے۔ معزز عدالت کے فیصلے کی خود ساختہ تشریح نہیں کی جائے۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں اینٹی کرپشن کو ہدایت کریں کہ وہ معزز عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے با عزت اور با وقار میکانزم تیار کرے اداروں میں براہ راست جائے کے بجائے ڈائریکٹوریٹ میں موجود رہ کر اس کام کو انجام دیں ۔اور پینتالیس سال سے خدمات دینے والے پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر کی اونرشپ عملی طور پر قبول کریں ۔ انفرادی خامی اور غلطی کو پورے پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر کا کردار نہیں سمجھا جائے۔

گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے تو ہم آئندہ کے لائحہ عمل کے تحت اینٹی کرپشن کی جانب سے تصدیق کے عمل کو روکنے کے لئیے معزز عدالت میں نئی پٹیشن فوری طور پر دائر کی جا رہی ہے ۔

ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کو دو دن کا وقت دیا جا رہا ہے۔کہ وہ اینٹی کرپشن کے با اختیار ذمہ داران کے ساتھ مل اینٹی کرپشن کی ٹیموں کو اسکولوں میں جانے کے عمل کو رکوائیں ۔ 6 جنوری تا 8 جنوری سندھ کے ہر ضلعے میں والدین اور اسکول منتظمین مشترکہ طور پر ہنگامی احتجاجی اجلاس منعقد کیئے جائیں گے ۔

جمعرات 8 جنوری سندھ کے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی عزت اور وقار کے لیے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور انتظامیہ مل کر یوم سیاہ منائیں گے ۔ بروز جمعہ 9 جنوری پورے سندھ میں تمام پرائیویٹ اسکولز اور کالجز مکمل ہڑتال کریں گے۔ سندھ کی تمام تعلیمی تنظیموں، سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنز، صحافی تنظیموں اور کاروباری برادری سے پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر کی عزت، وقار اور بقا کے لئے کمیٹیز کی شکل میں رابطے کئے جائیں گے ۔

گریڈ الائنس میں انور علی بھٹی چئیرمین پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ، سید شہزاد اختر صدر پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ ، سید طارق شاہ چئیرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ، سید دانش الزمان چئیرمین پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ، محمد حنیف جدون چئیرمین الائنس آف پرائیویٹ اسکولز سندھ ، جہانزیب حسن چئیرمین فرینڈز پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ، ناصر آر زیدی چئیرمین پاکستان اکیڈمک کنسورشیم ، شہناز الھدہ چئیرمین یونائیڈڈ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن ، رضا آفریدی چئیرمین پین کراچی ، ڈاکٹر ارشد علی صدر کراچی پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن ، انجینئر عبدالرحمن کونسل آف پرائیویٹ اسکولز ، پروفیسر محمد عامر بیگ چئیرمین وائس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز ، سردار ملک چئیرمین آل پرائیویٹ اسکولز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور سید حیدر علی چئیرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن شامل ہیں ۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین