Monday, December 8, 2025
صفحہ اولتازہ ترینجامعہ کراچی اور زمین ڈاٹ کام کے تحت 55 اسامیوں کیلئے طلبہ...

جامعہ کراچی اور زمین ڈاٹ کام کے تحت 55 اسامیوں کیلئے طلبہ کے انٹرویوز

کراچی :  جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پاکستان میں نوکریوں کی نہیں بلکہ صلاحیتوں کا فقدان ہے،صرف ڈگری حاصل کرنا کمال نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونا ناگزیر ہے۔ جامعات کا کام صرف ڈگریاں فراہم کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیئے بلکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ اور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنا چاہیئے ۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر میں آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور زمین ڈاٹ کام کے اشتراک سے منعقدہ ریکروٹمنٹ ڈرائیو 2023ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

 

تقریب میں 55 آسامیوں پر فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈایڈمنسٹریٹو سائنسز کے فارغ التحصیل اور سال آخر کے 55 طلبا و طالبات کو ملازمت دینے کے لئے انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا ۔

 

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ انٹر پرینیور شپ میں کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ آپ کے دل اور دماغ کا مربوط تال میل ہو تاکہ آپ اپنی مثبت توانائیوں کو بروئے کار لا سکیں اور مارکیٹ کی مانگ کے مطابق مصنوعات تیار کر سکیں ۔ کسی بھی ادارے کے سربراہ کے لئے یہ بات بہت خوش آئند ہوتی ہے کہ اس کے ادارے کی تعریف کی جائے ۔اداروں کو بھی چاہیئے کہ وہ معاشرے کو ایسی افراد ی قوت تیارکرکے دیں جو معاشرے کی فلاح وبہبود اورمعیشت کی مضبوطی کے لئے کلیدی کردار ادا کریں ۔

 

انہوں نے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر اور ان کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے طلبہ کوملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف اداروں سے روابط خوش آئند ہے ۔

 

اس موقع پر زمین ڈاٹ کام کے ریجنل ہیڈ ایچ آر خواجہ سعد طارق نے کہا کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ جامعہ کراچی کے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں جس کا ثبوت آج انٹرویوز میں شرکت کرنے والے طلبہ نے دیا۔ ذہین اور باصلاحیت طلبہ ہی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سوشل میڈیاپلیٹ فارم کے ذریعے طلبہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔

 

آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کی ڈائریکٹرڈاکٹر سیدہ حورالعین نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر جامعہ کراچی کے طلبہ کی تخلیقات اور کام کو مارکیٹ کرنے اور مختلف اداروں سے ان طلبہ کا انٹرکشن کرانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے سینٹر ہذا میں ہونے والی دیگر سرگرمیوں پر بھی تفصیلی روشی ڈالی ۔

 

انچارج شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترنے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ریکروٹمنٹ ڈرائیو سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں ملازمت کے مواقع بھی میسر آئیں گے جو لائق تحسین ہے ۔

متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین