اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی طلبہ کی رہنمائی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کررہا ہے۔
اس تناظر میں دور جدید کے تقاضوں، ماحولیاتی مسائل سے آگاہی کی مہم میں طلبہ کا کردار اور ان کی ذہنی صلاحیت کو پروان چڑھانے کیلئے چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی سرپرستی میں مختلف سرگرمیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
مجموعی طور پر اس پروگرام کو “BIEK Talent Hunt for Team Go Green” کا نام دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر چیئرمین بورڈ کی قیادت میں ایک تھنک ٹینک تشکیل دیا گیا ہے جس کے سیکرٹری پروفیسر یوسف رحمانی (پرنسپل گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج آصف آباد)ہیں جبکہ ممبران میں پروفیسر (ر) ذوالفقار علی خان (سابق پرنسپل آصف آباد و تابانی کالج)، پروفیسر ثمینہ شاہد (پرنسپل مریم مختار گورنمنٹ گرلز کالج)، پروفیسر توصیف شاہ (پرنسپل Caspian کالج) شامل ہیں.
مزید پڑھیں:شعور فاؤنڈیشن اور جامعہ کراچی کے تعاون سے دو روزہ امن مکالمے کا انعقاد
جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انسپکٹر آف کالجز زرینہ راشد کو چیف کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باہمی مشاورت سے طلبہ و طالبات کیلئے مختلف مقابلہ جات اور سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے طریقہ کار ترتیب دیا گیا ہے۔
ان سرگرمیوں میں ماحولیاتی مسائل سے آگاہی کیلئے سیمینارز، پوسٹر سازی کا مقابلہ، ماحولیاتی نمائش، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی کلب کا قیام اور طلبہ و طالبات کی ذہنی استعداد کی پرورش کیلئے آئی کیو (IQ) ٹیسٹ کا انعقاد شامل ہے۔
اس موقع پر طلبہ کے نام پیغام دیتے ہوئے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہمارے نوجوا ن بے پناہ ذہنی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں بس ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں بار بار اس طرح کے مواقع فراہم کئے جائیں گے کہ وہ اپنی ذہنی صلاحیت کا اظہار کرسکیں۔
مزید پڑھیں:ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے تحت بین الاقوامی کورس آج سے شروع ہوگیا
اس موقع پر انہوں نے ماہرین ماحولیات کی معاونت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس پروگرام کی تشہیر کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے کردار کو بھی بہت اہم قرار دیا۔ Team Go Green کا تفصیلی پروگرام تمام کالجز کو بھیج دیا گیا ہے۔
اساتذہ بچوں کو ان سرگرمیوں میں شرکت کیلئے ترغیب دیں تاکہ ٹیم گو گرین اپنے بہترین مقاصد کے حصول اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرسکے۔

