کراچی : راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ، پرائیویٹ سکولوں کے معاملات کو شفاف طریقہ کار کے تحت چلانے اور بری طرح ناکام رہی ہے ۔
راولپنڈی میں گزشتہ یعنی 2022 میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے تحت ایک بھی نجی اسکول رجسٹر نہیں کیا جا سکا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا مختلف مالکان کی جانب سے 1,240 نئی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں کسی بھی درخواست پر عمل کر کے اسکول کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اجلاس گزشتہ برس سال بھر ہوتے رہے ہیں تاہم کسی بھی اجلاس میں اسکول کی رجسٹریشن سے متعلق فیصلہ نہیں کیا جا سکا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی اس سست روی کی وجہ سے راولپنڈی میں بہت سے پرائیویٹ اسکول بغیر منظوری کے کام کر رہے ہیں کیونکہ انہیں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ نہیں ملے ہیں ۔
مذید پڑھیں : ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 9 سیرت چیئرز اور قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین اتھارٹی غیر فعال
1 فروری سے شروع ہونے والے نئے داخلوں کے باوجود بہت سے پرائیویٹ اسکول ابھی تک غیر رجسٹرڈ ہیں ۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق راولپنڈی ضلع میں 2500 رجسٹرڈ پرائیویٹ سکول ہیں ۔ تاہم ضلع میں 5,500 سے زیادہ نجی اسکول بغیر رجسٹریشن کے کام کر رہے ہیں ۔
اسکول رجسٹریشن ایکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی درخواست موصول ہونے کے 60 دنوں کے اندر اسکول کی رجسٹریشن کے بارے میں فیصلہ کرنے کی پابند ہے۔ بدقسمتی سے کئی درخواستیں 10 سے 15 ماہ سے زیر التوا ہیں ۔
غور طلب ہے کہ ہائی اسکول کی رجسٹریشن فیس 9,000 روپے ہے۔ اور مڈل اسکول کی فیس 6,000 روپے ہے ۔ ہائی اسکول کے لیے رجسٹریشن کی تجدید کی فیس 2,000 روپے اور مڈل اسکول کی تجدید کی فیس 1,000 روپے ہے ۔

