کراچی : کتابوں کے عالمی دن اور علامہ اقبال کی برسی کے موقع پر سوسائٹی فار پروموشن آف ریڈنگ اینڈ امپروومنٹ آف لائبریریز (اسپرل ) نے انٹرنیشنل عالمی سیمینار کا انعقاد رشین سینٹر میں کیا ۔
تقریب میں مہمان خصوصی نامور شاعرہ و دانشورپروفیسر ڈاکٹر تنویر انجم اور ممتاز صحافی اخلاق احمد تھے ۔ مہمان اعزازی رشین سینٹر کے ڈائریکٹر ارسلان پروخورو تھے۔ اس موقع پر اسپرل سے ربیعہ علی فریدی، جواہر علیم اور صمیم کاردار، انٹر نیشنل لائبریرین لوئیڈا گارسیا فیبو، ڈاکٹر کولنس چیشیتا اور صدر اسپرل اکرام الحق اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔
ربیعہ علی فریدی نے کہا کہ سوسائٹی فار پروموشن آف ریڈنگ اینڈامپروومنٹ آف لائبریریز (اسپرل ) اور رشین سینٹر مستقبل میں لائبریرین سائنسز سے متعلق پروگرام کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ لائبریری اور کتابوں کی اہمیت و افادیت کو زندہ رکھا جا سکے۔
مہمان اعزازی رشین سینٹر کے ڈائریکٹر ارسلان پروخوروو نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان ادبی تعاون کی گہری اور روشن بنیادیں موجود ہیں۔ ہمارے دونوں ممالک کے پاس ادب کی زرخیز روایات ہیں، اور کتابوں، تراجم اور مطالعے کے فروغ کے ذریعے ہم ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں اور ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر رشین سینٹر کے ڈائریکٹر رسلان پروخوروو نے پروفیسر ڈاکٹر تنویر انجم اور ممتاز صحافی اخلاق احمد کو شیلڈ پیش کی اور شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔

