منگل, نومبر 19, 2024
صفحہ اولتازہ ترینگرین کریسنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام 1800 سے زائد یتیم بچوں کیلئے...

گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام 1800 سے زائد یتیم بچوں کیلئے گالا کا انعقاد

کراچی : غیر منافع بخش ادارے گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) نے سندھ کے سترہ اضلاع میں قائم اپنے فلاحی اسکولوں میں زیر تعلیم 1800 سے زائد یتیم بچوں کی تفریح کے لئے کراچی اور حیدر آباد میں دن بھر جاری رہنے والی گالا تقریبات کا انعقاد کیا۔

کراچی میں اس سلسلے میں فن گالا کی تقریب کا اہتمام ڈریم ورلڈ ریزورٹ میں ہوا جس میں کراچی، ٹھٹہ، اور گھارو میں قائم جی سی ٹی کے اسکولوں میں زیر تعلیم 1100 یتیم طالب علموں نے شرکت کی۔ حیدرآباد میں گالا کی تقریب رانی باغ میں منعقد ہوئی جس میں پندرہ اضلاع میں قائم جی سی ٹی کے اسکولوں میں زیر تعلیم 720 یتیم بچوں نے شرکت کی۔

اب ایسی ہی فن گالا کی تقریب 7 جنوری کو سکھر میں منعقد ہوگی جس میں تین اضلاع میں قائم جی سی ٹی کے فلاحی اسکولوں کے 130 یتیم بچے شرکت کریں گے۔ سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ متوقع طور پر اس تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی سندھ کے وزیر محنت و افرادی قوت سیعد غنی تھے۔

انھوں نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت مستند فلاحی اور غیر سرکاری اداوں کے بھرپور تعاون سے سیلاب سے متاثرہ ہزاروں سرکاری اسکولوں میں تعلیم کی جلد سے جلد بحالی کا ارادہ رکھتی ہے۔

مذید پڑھیں : محکمہ تعلیم غیر مسلم طلبا کیلئے نصاب مرتب کرنے میں ناکام

سعید غنی نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے سندھ میں لگ بھگ 20 ہزار ذاسرکاری اسکولوں کی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس اپنے طور پر اتنے مالی وسائل نہیں کہ وہ اکیلے ہزاروں متاثرہ اسکولوں میں تعلیم کی بحالی کا کام کرسکے، ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سندھ حکومت کو عالمی مالیاتی اداروں اور ملک میں کام کرنیوالے مستند غیر سرکاری اداروں کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہو گی ۔

ان کا کہنا تھاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کے لیے تعلیم کی بحالی سندھ حکومت کے لیے ایک بڑا ٹاسک ہے، غیر سرکاری اور فلاحی ادارے سندھ میں موجود پسماندہ طبقات کے بچوں کو تعلیم یافتہ بنا کر سندھ حکومت کاہاتھ بٹا رہے ہیں، ایسا کر کے تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے ریاست کی ایک اہم بنیادی آئینی ذمہ داری کو اپنے طورپر پورا کر رہے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھاکہ انہیں سندھ میں مزدوروں کے بچوں کو معیاری اسکولوں کی تعلیم کی فراہمی کے لیے جی سی ٹی جیسے مستند فلاحی اداروں کا بھرپور تعاون درکار ہے، سندھ کے وزیر محنت نے جی سی ٹی کے اس جذبے کو سراہا جس کے تحت وہ اپنے غیر سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے غریب گھرانوں کے یتیم بچوں کی مالی اعانت اور تفریح کے لیے سالانہ پروگرامنعقد کرتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی سی ٹی کے سربراہ زاہد سعید کا کہنا تھاکہ ان کا ادارہ یتیم طالبعلموں کے لیے ایسے ہی پروگرام حیدرآباد اور سکھر میں بھی جلد منعقد کرے گا۔

جی سی ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے سندھ بھر کے پسماندہ علاقوں میں 160 فلاحی اسکولوں میں 29 ہزار بچے معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ان کا ادارہ سال 2025 تک اپنے فلاحی اسکولوں کی تعداد کو 250 تک لے جانا چاہتا ہے، جہاں پسماندہ خاندانوں کے کل ایک لاکھ بچے زیر تعلیم ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس فلاحی کام کی تکمیل کے لیے انہیں مخیر حضرات اور دوسرے غیر سرکاری اداروں کے تعاون کی بھرپور ضرورت ہے۔

تقریب میں جی سی ٹی کے ڈونرز اور مخیر حضرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین