کراچی : جے ایس ایم یو نے سیلاب متاثرین کیلئے ٹنڈوالہ یار میں میڈیکل و ریلیف کیمپ قائم کیا اور متاثرین کا علاج معائنہ کیا گیا ، 10 لاکھ کا امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا ۔ متاثرہ بہن بھائیوں کو موسم سرما میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر ممکن مدد کی جاتی رہے گی، مخیر حضرات بھی متاثرین کی مدد کریں، وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن
تفصیلات کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے امریکی چیریٹی فرم فائیٹ اٹ ٹوگیدر کے تعاون سے سیلاب متاثرین کو موسم سرما کی سردی و ممکنہ بیماریوں سے بچانے کیلیے ٹنڈوالہ یار میں میڈیکل و ریلیف کیمپ کا انعقاد کیا ۔
اس موقع پر سیلاب متاثرین میں تقریباً 10 لاکھ روپے کا امدادی سامان بشمول راشن، کپڑے بستر اور ادویات تقسیم کی گئیں۔ اس سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو موسم سرما کی سردی میں تنہا نہیں چھوڑینگے، متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جاتی رہے گی، جامعہ کی جانب سے متاثرین میں اب تک کروڑوں روپے کا امدادی سامان تقسیم کیا جا چکا ہے ۔
انہوں نے مخیر حضرات سے متاثرین کی اس مشکل وقت میں بڑھ چڑھ کر مدد کرنے کی اپیل بھی کی۔ ٹنڈوالہ یار میں لگائے گئے میڈیکل و ریلیف کیمپ کی قیادت وائس چانسلر کی اہلیہ مسز انیسہ امجد، ڈائریکٹر ملحقہ کالجز ڈاکٹر راحت ناز اور پروفیسر جلیسی نے کی۔
مزید پڑھیں : لاہور : محققین COMSTECH ایوارڈز برائے 2023 کے لیئے کیسے اپلائی کریں گے ؟
اس موقع پر مسز انیسہ امجد نے کیمپ میں موجود افراد میں نقدی بھی تقسیم کی اور بچوں کو تحائف بھی دیئے، فائٹ اٹ ٹوگیدر امریکا میں قائم خیراتی ادارہ ہے جس کا مشن بھوک اور غربت کیخلاف لڑنا ہے۔ عمر اور زہان جلیسی کی سربراہی میں خیراتی ادارے نے مٹیاری کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے جے ایس ایم یو کے ساتھ تعاون کیا ہے ۔
کیمپ میں موجود شاہ رخ جلیسی، عمر جلیسی اور زہان جلیسی نے بھی متاثرین کو امدادی سامان تقسیم کیا، نامزد یو سی چیئرمین مٹیاری وفا سرفراز اللہ جوریو خاصخیلی کی جانب سے کیمپ کے انتظامات سنبھالے گئے ، جب کہ جے ایس ایم یو کی طرف سے علاقے میں مچھر مار اسپرے بھی کروایاگیا،کیمپ میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے آفس اسسٹنٹ محمد مرتضیٰ الحق، جونیئر کلرک سید واجد علی وارثی و دیگر نے سپورٹنگ اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دیں ۔