لاہور : حکومت پنجاب صوبہ بھر کے سکولوں اور کالجوں میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ہزاروں اساتذہ کو ریگولر کرنے کی تیاری کر لی ہے ۔
صوبائی حکومت کی جانب سے بنائی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس میں اس موضوع پر سیر حاصل بحث بھی کی گئی ۔کمیٹی کا اجلاس وزیر پارلیمانی امور راجا بشارت کی زیر صدارت ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق اس وزارتی کمیٹی نے سرکاری سکولوں اور کالجوں کے 14055 کنٹریکٹ اساتذہ کو ریگولر کرنے کی سفارش کی ہے ۔ جس کے بعد مذکورہ کمیٹی کی رپورٹ کو متعلقہ فورم کے بعد صوبائی کابینہ کے اجلاس میں رکھا جائے گا جہاں سے منظوری لی جائے گی ۔
مذید پڑھیں : جامعہ کراچی : بی کام پرائیویٹ سال دوئم و باہم 2021 ء کے نتائج کا اعلان
اجلاس میں وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز ، وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس، صدر سیکنڈری سکول ایجوکیٹرز ریگولرائزیشن موومنٹ (SSERM) محمد سرفراز ، SSERM کنوینر محمد عمران اور SSERM کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اس اجلاس کے دوران ڈاکٹر مراد راس نے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ اساتذہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں اور سابقہ صوبائی حکومتوں نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا ۔
دوسری جانب SSERM کے نمائندوں نے صوبائی حکومت کی تعریف کی اور ان کے دیرینہ مطالبے پر غور کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اس اجلاس کے بعد برسوں سے معاہداتی مدت پر کام کرنے والے اساتذہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔