کراچی : خیبر پختونخوا کی کابینہ نے صوبے کے 130,000 سے زائد سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی ترقیوں کی باضابطہ منظوری دے دی ہے ۔ یہ فیصلہ جولائی 2023 سے نافذ العمل ہو گا ۔
ترقیوں کا اعلان خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان تراکئی اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔
ترقی پانے والوں میں 51,736 پرائمری اسکول ٹیچرز (PSTs) کو BPS-12 سے BPS-14 میں کر دیا گیا ہے ۔ 17,926 سینئر PSTs کو BPS-14 سے BPS 15 بنا دیا گیا ہے ۔ 21,316 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز (PSHTs) کو BPS-15 سے BPS-16 میں اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ 20,247 سیکنڈری اسکول اساتذہ (SSTs) کو BPS-16 سے BPS-17 میں ترقی دی گئی ہے ۔
مذید پڑھیں : ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 9 سیرت چیئرز اور قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین اتھارٹی غیر فعال
اساتذہ کے لیے 4 درجے کا فارمولہ بھی اختیار کیا گیا ہے ۔ جس سے BPS-17 سے BPS-20 تک کے سکیل میں کام کرنے والے 13,888 اساتذہ کی ترقی کی راہ ہموار ہو گی ۔ کلاس ٹیچر (CT) ، ڈرائنگ ماسٹر (DM)، آرٹ ٹیچر (AT) اور (فزیکل ایجوکیشن ٹیچر) PET کو BPS-15 سے BPS-16 میں اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ جب کہ قاری کو BPS-12 سے BPS14 میں اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔
توقع ہے کہ اس اقدام سے صوبے میں تعلیمی نظام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، کیونکہ اس سے اساتذہ کو اپنی پیشہ ورانہ ترقی جاری رکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مراعات ملیں گی ۔ اس سے سرکاری اسکولوں میں تجربہ کار اساتذہ کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی، طلباء کے لیے بہتر تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا ۔