اسلام آباد: دینی مدارس کے سب سے بڑے نیٹ ورک وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام حفظ قرآن کریم کا قومی مسابقہ آج 30 جنوری بروز پیر صبح 9 بجے فیصل مسجد اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔
جس کی صدارت وفاق المدارس کے صدر اور عالم اسلام کی عظیم دینی شخصیت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کریں گے جبکہ وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف جالندھری، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت ملک بھر سے وفاق المدارس کے نائب صدور، صوبائی نظماء،ممتاز ومعروف علماء کرام،مدارس کے مہتممین،مختلف اسلامی ممالک کے سفراء، دینی، سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔
قومی مسابقہ میں چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے 15 خوش نصیب بچے شریک ہوں گے، اس مسابقہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب بچے کو ڈیڑھ لاکھ روپے، دوم آنے والے کو ایک لاکھ پچیس ہزار جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو ایک لاکھ روپے انعام سے نوازا جائے گا جبکہ ان بچوں کے اساتذہ کرام کو بھی اس کے مساوی انعامات دیئے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:اقراء یونیورسٹی کے زیر اہتمام عالمی یوم تعلیم جوش و خروش سے منایا گیا
مقابلے میں شریک ہربچے کو بھی خصوصی انعام اور وفاق المدارس کی طرف سے اعزازی شیلڈز بھی دی جائیں گی،میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق قومی مسابقہ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے،قومی مسابقہ میں شرکت کیلئے ملک بھر سے علمائے کرام بھی شریک ہونگے۔
معروف شخصیات کو دعوت نامے پہنچادئیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ کی میڈیا ٹیم نے نیشنل پریس کلب سمیت مختلف میڈیا ہاؤسز کے دورے کر کے میڈیا پرسن کو قومی مسابقہ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ قومی مسابقہ میں شرکت کیلئے آنے والوں کیلئے فیصل مسجد کے ہال میں داخلے کیلئے گیٹ نمبر چار کو منتخب کیا گیا ہے اور مدارس کے مہتممین و ذمہ داران کیلئے گیٹ نمبر نو کا انتخاب کیا گیا ہے۔
شرکاء کی سہولت اور رھنمائی کیلئے استقبالیہ کیمپ ہوگا،جبکہ میڈیا اور معروف شخصیات کیلئے قبلہ کی جانب جگہ مختص کی گئی ہے،پارکنگ کیلئے تین اطراف میں الگ الگ جگہ کا بھی انتخاب کیا گیا۔
مزید پڑھیں:ٹی ٹی ایس اساتذہ نے مطالبات منظوری کیلئے HEC کو ڈیڈ لائن دے دی
مسابقہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وفاق المدارس کی مرکزی مسابقہ کمیٹی کے کنوینئر مولانا قاری احمد میاں تھانوی نے دیگر مرکزی اراکین مولانا عبدالوحید ،مولانا قاری عبدالغفور،مولانا قاری اخلاق احمد مدنی،مولانا مفتی خالد محمود،مولانا قاری غلام رسول ودیگر کے ہمراہ فیصل مسجد کا دورہ کیا۔
اس موقع پر مولانا طلحہ رحمانی، مولانا ظہور احمد علوی، مفتی عبدالسلام،مولانا نذیر فاروقی،مولانا عبدالغفار، مفتی اویس عزیز، مفتی عبدالرحمن،مولانا عبدالکریم، مولانا شکیم عباسی،مولانا قاری محمد آصف،مولانا عبدالرؤف محمدی،مولانا یعقوب طارق،مولانا فیضان، مولانا رشید احمد خاکسار، مولانا تنویر احمد اعوان، مفتی انعام الحق،مولانا شہزاد عباسی،مولانا عثمان آفاق سمیت دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر مسابقہ کمیٹی کے کنوینئر مولانا قاری احمد میاں تھانوی نے بتایا کہ قومی مسابقہ ان شاءاللہ تاریخ ساز ہوگا،اور اس مسابقہ کیلئے کامیابی کیلئے جس طرح اراکین وفاق المدارس اور راولپنڈی واسلام آباد کے علماء نے رات دن کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے فیصل مسجد و دعوۃ اکیڈمی اور سی ڈی اے انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بہترین انتظامات کا یقینی بنانے میں تعاون کیا۔
مسابقہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر مولانا قاری عبدالوحید نے کہا کہ موجودہ حالات میں اہل مغرب جہاں قرآن پاک کی توہین کر رہے ہیں حفظ قرآن کریم کے اس طرح کے مسابقات کا انعقاد مسلمانان پاکستان کی طرف سے ان گستاخیوں کا بہترین جواب ہے۔
ان سرگرمیوں سے بچوں میں حفظ قرآن کریم کا شوق پیدا ہو گا اور اللہ کی کتاب کے ساتھ ان کی وابستگی اور گہری ہو گی۔