اسلام آباد : 7 فروری 2023: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ماہرین تعلیم اور محققین کی فعال شمولیت کے ذریعے حل تجویز کرنے کے لیے ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس کی صدارت ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل اور چیئر مین شفا انٹرنیشنل ہسپتال ڈاکٹر حبیب الرحمان نے کی۔
چیمبرز، ہیلتھ کیئر انڈسٹریز ، فارماسیوٹیکلز، اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ORIC سربراہان، اور قابل ذکر محققین اور ماہرین تعلیم نے کانفرنس میں شرکت کی۔
ڈاکٹر شائستہ سہیل نے ہیلتھ کیئر انڈسٹری کو جدید اور ضرورت پر مبنی سلوشنز کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کےماہرین تعلیم اور محققین کے کردار پر زور دیا ۔ ڈاکٹر حبیب الرحمان نے ماہرین تعلیم اور ہیلتھ انڈسٹری کے فوکل پرسنز کو یکجا کرنے میں ایچ ای سی کی کوششوں کو سراہا اور اس کردار پر زور دیا جس کے لیے پاکستان میں صحت کے شعبے کی ضروریات کے حل کے لیے فوری طور پر مشترکہ کوششیں درکار ہیں۔
مزید پڑھیں:جانوروں پر تحقیق کا میڈیکل ریسرچ میں اہم کردار ہے
کھلی گفت و شنید کے سیشن میں شرکاء نے صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر ڈاکٹر شمائل داؤد نے بریفنگ دی کہ صحت سے متعلقہ آلات اور مصنوعات کے بڑھتے ہوئے درآمدی بل کے لیے مقامی حل پر مبنی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اختراعی مصنوعات کے ساتھ ساتھ ملک کی ضروریات کو مقامی طور پر بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر شاہ رخ، ایسوسی ایٹ پروفیسر نسٹ نے شرکاء کے ساتھ اپنے ہیلتھ پروجیکٹس کی کامیابی کی کہانی شیئر کی اور ماہرین تعلیم کی جانب سے پیش کیے جانے والے تحقیق پر مبنی سلوشنز میں صنعت کے پیشہ ور افراد کی شمولیت اور دلچسپی کی حوصلہ افزائی کی۔