جمعہ, ستمبر 13, 2024
صفحہ اولتازہ ترینشاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور حبیب آئل ملز کا مشترکہ شاہینہ پروین اسکول...

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور حبیب آئل ملز کا مشترکہ شاہینہ پروین اسکول کا افتتاح

کراچی: حبیب آئل ملز نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ملک میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں ایک اسکول ’شاہینہ پروین کیمپس‘ قائم کیا ہے۔ اس اسکول کے قیام کا اصل مقصد لڑکیوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاہم ضلع کے تقریباً 25فیصد لڑکوں کو بھی اس اسکول میں داخل کیا گیا ہے جہاں انہیں معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔

پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق کُل دو کروڑ 25 لاکھ بچے اسکولوں نہیں جاتے ہیں اورجن میں سے اکثریت لڑکیوں کی ہے۔ کل 32 فیصد لڑکیاں اور 21فیصد لڑکے اسکول جانے سے محروم ہیں اور لڑکیوں کے لیے یہ صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے کیونکہ صرف 13فیصد ہی نویں جماعت تک پہنچ پاتی ہیں۔ ہماری نوجوان نسل اس مسلسل بدلتی ہوئی دنیا میں صرف اسی صورت میں ترقی کر سکتی ہے جب انہیں تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔ اس اقدام کا مقصد تعلیم میں صنفی تفریق کو ختم کرنااور بچوں کے لیے ایک بہتر کل بنانے میں مدد کرنا ہے۔

اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے حبیب آئل ملز کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب معید الحسن نے کہا کہ ملک میں لڑکیوں کی تعلیم کی مانگ میں اضافے کے باوجود لڑکیوں کو اب بھی صنفی وسماجی اصولوں اور غربت کی وجہ سے تعلیم میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، حبیب آئل ملز میں ہمارا ماننا ہے کہ خواتین معاشی بوجھ کے بجائے معاشی شراکت دار ہیں اور ان کی معاشی طور پر خود انحصاری کے لیے تعلیم بہت ضروری ہے۔ اسکولوں میں لڑکیوں کی کم تعداد انتہائی تشویش ناک ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر ہم معاشرے میں تبدیلی لانے میں کامیاب رہیں گے۔

مذید پڑھیں : سرسید یونیورسٹی : ویمن کرکٹر سیدہ عروب شاہ کو 18 برس کیلئے اسکالر شپ فراہم

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جناب شاہد آفریدی نے کہا کہ تعلیم میں صرف کامرس، سائنس اور آرٹس کے تعلیمی شعبوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تعمیری سوچ، زندگی بہتر بنانے کا ہنر، تعلیم کی قدراور فیصلہ سازی میں مہارت جیسے شعبوں کو بھی فروغ دینا چاہیے۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ایسی کمیونٹی کی بنیاد رکھنے کا پروگرام ہے جو ‘اکیسویں صدی کی صلاحیتیں ‘ جیسے پیشہ ورانہ مہارت، سیکھنے کی استعداد بڑھانے اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دیتی ہے۔

یہ تیزی سے بدلتے ہوئے سماجی و اقتصادی حالات سے نمٹنے کے لیے طلبا کو مختلف تعلیمی اور صلاحیتوں پر مبنی پروگراموں سے لیس کر کے انہیں فائدہ پہنچاتا ہے۔ حبیب آئل ملز کے ساتھ شراکت ارکان آباد کے محروم طبقے کی ترقی اور ان کے بچوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ہم اس شراکت داری کو مزید وسعت دیں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ امید سب کے لیے ہے!۔

تقریب میں حبیب آئل ملز اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کارپوریٹ، تعلیم اور میڈیا کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین