چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی سید شرف علی شاہ نے سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق، کنٹرولر امتحانات حبیب اللہ سہاگ اور ڈپٹی سیکریٹری مبشر علی کے ہمراہ راشد منہاس بوائز سیکنڈری اسکول بلدیہ وسطی ناظم آباد زون می قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔
اس امتحانی مراکز میں 25 اسکولز کے 500 سے زائد طلباء امتحان دے رہے ہیں۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی آفاق سعید، ڈائریکر ایجوکیشن بلدیہ وسطی مہتاب جہاں، ڈپٹی ڈائریکٹر ناظم آباد زون خدیجہ تسلیم، ایجوکیشنل ایڈوائزر سید ارشد عالم اور سینٹر سپرنٹنڈنٹ محمد علی نے بورڈ کی ٹیم کو امتحانی مرکز کا وزٹ کروایا۔
مزید پڑھیں:جامعہ کراچی: ایس پی ایس سی امتحانات میں شعبہ سندھی کے کامیاب طلبہ کیلئے اعزازی تقریب
میونسپل کمشنر آفاق سعید نے بورڈ کے وفد کو بتایا کہ بلدیہ وسطی کے جن اسکولوں میں امتحانی مرکز بنایا گیا ہے وہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر طہٰ سلیم کی ہدایت پر خود جاکر امتحانات کا جائزہ لیا اور نقل کی روک تھام کو یقینی بنایا جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ امتحانی مراکز کے دورے کئے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس اسکول ایک مثالی سینٹر ہے ایسا امتحانی سینٹر انہوں نے کم دیکھا جہاں طلباء کی تعداد بہت زیادہ ہے جبکہ بہترین نظم و ضبط اور پر سکون انداز میں امتحانی سرگرمیاں جاری ہیں اگر اسہی طرح تمام اضلاع میں مقامی انتظامیہ بورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تو نقل مافیا کی حوصلہ شکنی کی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے مثبت رپورٹنگ کرنے پر میڈیا نمائندگان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میڈیا نے جب بھی نقل مافیا کی نشاندہی کی اس پر فوری کاروائی عمل میں لائی گئی۔