جامعہ کراچی کے شعبہ سندھی سے فارغ التحصیل(المنائی)کی جانب سے سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت لیکچراربی پی ایس 17 کے لئے ہونے والے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے شعبہ سندھی کے طلبہ کے اعزاز میں پروقار ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب گزشتہ روز آڈیوویژول سینٹر جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت شیخ الجامعہ ڈاکٹر پروفیسر خالد محمود عراقی نے کی جبکہ دیگر مہمانانِ گرامی میں ڈائریکڑ جنرل کالجزمحکمہ تعلیم، پروفیسر شاداب حسین، رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم،، شاہ عبداللطیف بھٹائی چیئر جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر سلیم میمن، ڈائریکٹر کالجزڈاکٹر قاسم راجپر، شعبہ سندھی کے سابق طالب علم اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختیار علی شامل تھے۔
تقریب میں سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے والے طلباوطالبات میں سکندر علی بھنڈ، بی بی فاطمہ ابڑو، نصیر جوکھیو، عظمیٰ کریم چانڈیو، صوفیہ پہنور، احمد نواز بلوچ، امتیاز کنبہر، ذکیہ کلہوڑواور شائستہ قریشی کو یادگاری شیلڈز دی گئیں جبکہ اسٹیج پر بیٹھے مہمانوں کو شعبہ سندھی کی جانب سے اجرک کے تحفے پیش کئے گئے۔
مزید پڑھیں:انٹر بورڈ نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے ایڈمٹ کارڈز تیار ہونے کا اعلان کردیا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ سندھی کے سابق سربراہ اور شاہ عبدالطیف بھٹائی چیئر جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر سلیم میمن نے شعبہ سندھی کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں شعبہ سندھی کا قیام 1972 میں ہوا، جس کا آغاز صرف ماسٹرز پروگرام سے ہوا، لیکن بعد میں آنرز پروگرام میں سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ بھی متعارف کرائے گئے۔آج دور جدید کے تعلیمی تقاضوں کے مطابق سندھی شعبے سے بی اے سے لیکر پی ایچ ڈی تک تمام پروگرام جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی طویل سفر میں شعبہ سندھی نے تواترکے ساتھ عالمی کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیااور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔اس سفر میں بڑی مشکلات رہیں، ان سب کا مقابلہ کرتے ہوئے سندھی شعبہ آج بھی روا ں دواں ہے۔
میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا مشکور ہوں کہ وہ اس تقریب میں تشریف لائے۔ اسی کے ساتھ میں کمیشن پاس کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسی امید سے مبارک دیتا ہوں کہ وہ اسی لگن سے اپنا سفر جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی شعبہ سندھی کے سابق طالب علم اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختیار ابڑو نے کہا کہ میں ان امیدواروں کو مبارک دیتا ہوں لیکن یہ زندگی کی کوئی بڑی جیت نہیں ہے۔ میں خود آپ کی طرح پہلے سندھی کا لیکچرار بنا تھااس کے بعد پی سی ایس کیا اور آج سامنے ہوں۔ زندگی کوئی فل اسٹاپ کا نام نہیں ہے۔ یہ سرمایہ کاری کی دنیا ہے۔ اس میں آپ وقت اور حالات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔
مزید پڑھیں:وفاق المدارس: ضمنی امتحان اختتام پذیر, بہترین انتظامات پر نگران عملہ اور اداروں کو خراج تحسین
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکڑ جنرل کالجزمحکمہ تعلیم، پروفیسر شاداب حسین نے کہا کہ سب سے پہلے تو میں ان تمام کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور میں سندھی شعبے، جامعہ کراچی کے کامیاب لیکچرارز کو دل کی گہرائیوں سے سندھ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ میں خوش آمدید کہتاہوں، اور میں ان سب سے امید کرتا ہوں کے وہ کالجوں میں بھی نمایاں کام کرینگے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری یونیورسٹی کے ان طلبہ کو اعزازی انعامات دیئے جارہے ہیں، جنہوں نے تعلیم حاصل کرنے کے بعد زندگی کی ایک اور منزل حاصل کرلی ہے۔
مجھے نہایت ہی خوشی کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں نے بھی اسی سندھی شعبے سے سندھی زبان سیکھنے کا کورس کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کا میدان بہت وسیع ہے، جہاں تک آپ محنت کرنا چاہیں کرسکتے ہیں۔ جہاں بھی ہوں آپ اپنے کام کو ایمانداری سے سرانجام دیں پھر دیکھیں کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ ہم اساتذہ کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، آپ اور محنت کریں اور آگے بڑہیں۔
تقریب کے اختتام میں شعبہ سندھی جامعہ کراچی کی چیئرپرسن، پروفیسر ڈاکٹر ناہید پروین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔