ہفتہ, ستمبر 14, 2024
صفحہ اولتازہ ترینطلبا کو ایک کِلک پر دنیا تسخیر کرنا سِکھا رہے ہیں :...

طلبا کو ایک کِلک پر دنیا تسخیر کرنا سِکھا رہے ہیں : پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی

کراچی : جامعہ این ای ڈی میں کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کی دو روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔

جامعہ این ای ڈی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے زیرِ اہتمام تیسری دو روزہ عالمی کانفرنس منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی سیکریٹری انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت سندھ آصف اکرام تھے ۔

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ معاشرہ مائیکرو چِپ میں قید ہوتا جارہا ہے. ایک دوسرے سے بات کیے بغیر کمیونیکیشن ہورہی ہے. آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے ہر بری خبر، خبر ہے لیکن ہم اپنے طالب علموں کو کمپیوٹر سے متعلقہ شعبوں میں ایک کلک پر دنیا تسخیر کرنا سِکھا رہے ہیں ۔

مذید پڑھیں : پولینڈ کے پروفیسرز کا وفاقی جامعہ اردو کے شعبہ کیمیاء کا دورہ

سیکریٹری انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکومت سندھ آصف اکرام کا کہنا تھا کہ تحقیقی مقالوں سے سوالوں کے جواب ملتے ہیں. میں سمجھتا ہوں کہ پالیسی بنانے اور اس کا اطلاق کروانے والوں کو لازمی کانفرنس میں شریک ہونا چاہیے تاکہ زمینی حقائق سے واقفیت رہے ۔

اس موقعے پر چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شنکر بھوانی چوہدری، چئیرپرسن شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شہنیلہ زرداری، چئیرمین کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر مبشر خان کا کہنا تھا کہ سیر حاصل بحث و تمحیص سے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے گا ۔

دوسرے روز کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ایچ ای سی سندھ ڈاکٹر طارق رفیع کا کہنا تھاکہ کانفرنس کا انعقاد اکیڈمیا، تحقیق کار، حکومت اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے ۔

مزید پڑھیں : آکسفورڈ یونیورسٹی کا پاکستان کے تعلیمی شعبہ کی ترقی میں معاونت کا اعلان

جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق اس عالمی کانفرنس میں 5 بین الاقوامی کی نوٹ اسپیکر سمیت 32 بین قومی ماہرین نے پیپرز پڑھے، کانفرنس میں 7 ٹیکنیکل سیشن ہوئے ۔

اس دو روزہ عالمی کانفرنس کے سیکریٹری ڈاکٹر شارق محمود خان نے ٹیم سمیت مہمانوں کا شکریہ ادا کیا. پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، ڈین فیکلٹی انفارمیشن سائنسز اینڈ ہیومنٹس پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ پروسیسنگ انجینئرنگ ڈاکٹر آصف احمد شیخ، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹر انجیئنرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد قاضی، رجسٹرار سید غضنفر حسین ، ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، ڈائریکٹر آئی ٹی اسد عارفین اور ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور طالب علم کانفرنس میں شریک ریے ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین