جمعہ, ستمبر 13, 2024
صفحہ اولتازہ ترینالہدیٰ انٹرنیشنل اسکول کے زیر اہتمام سائنسی نمائش

الہدیٰ انٹرنیشنل اسکول کے زیر اہتمام سائنسی نمائش

کراچی : الہدیٰ انٹرنیشنل اسکول ڈی ایچ اے برانچ میں ہفتے کے روز سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا،دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین چیلنج کے حوالے سے طلباء میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اس نمائش کا موضوع (Earth Matters) رکھا گیا،نمائش کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ طلباء میں یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قرآن مجید پر تدبر اور تفکر کرکے کس طرح رہنمائی لی جاسکتی ہے۔

مختلف کلاسز کے طلباء نے اپنے اساتذہ کی رہنمائی میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار پروجیکٹس بنائے جن کے ذریعے یہ واضع کرنے کی کوشش کی گئی کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اس سنگین چیلنج سے دنیا کو کیا خطرات لاحق ہیں اور اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

اس موقع پر مہمان خصوصی،معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین چیلنج کا سامناہے، ان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بے شمار مسائل پیدا ہورہے ہیں، پاکستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ سیلابوں کی وجہ سے ہونے والے تباہی ان ہی موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ تھی، اگر دنیا نے اس کا ادراک کرتے ہوئے ابھی سے ان کا حل ڈھونڈنے کی کوشش نہ کی تو یہ مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں ۔

مزید پڑھیں : پولینڈ کے پروفیسرز کا وفاقی جامعہ اردو کے شعبہ کیمیاء کا دورہ

انہوں نے اس سلسلے میں الہدیٰ انٹرنیشنل اسکول میں اس اہم موضوع پرسائنسی نمائش منعقد کرنے پر اسکول انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ عوام اور بالخصوص نوجوانوں میں اس کو شعور اجاگر کیا جائے، حافظ نعیم الرحمن کا کہناتھا کہ یہ نوجوان ہی اس ملک کا سرمایہ ہیں اورمسقبل میں یہی نوجوان اس ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے، ان کا کہنا تھا کہ باشعور اور بہترین صلاحیتیں رکھنے والے نوجوان پاکستان کو ایک مضبوط و مستحکم ملک اور اس قوم کو دنیا کی عظیم اور ترقی یافتہ قوم بنا سکتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طلباء کی جانب سے بنائے جانے والے مختلف پراجیکٹس کا معائنہ کیا، انہوں نے طلباء کی تخلیقی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان ننھے منے طلباء کا یہ پیغام پورے ملک میں پھیلے گا اور قوم کو درپیش جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے شعور بیدار کرنے میں مدد ملے گی۔

کلفٹن ڈیفنس کمیونٹی (سی ڈی سی) کے صدر عبدالرحمن،ایس ایس پی انویسٹیگشن ساؤتھ پولیس زاہدہ پروین، کینٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے نائب صدر نجیب ولی اور دیگر عمائدین شہراور طلباء کے والدین نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پرطلباء کی محنت اور لگن کی تعریف کی، ان کا کہنا تھاکہ اسلامی دنیا کی مایہ ناز خاتون مذہبی اسکالر ڈاکٹر فرحت ہاشمی کا ادارہ الہدیٰ انٹرنیشنل نوجوان نسل کودین کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ دنیاوی علوم کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ذہن سازی کا عظیم فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔

آپریشن منیجر الہدیٰ انٹرنیشنل میڈم ناہیدخان،برانچ ہیڈ الہدیٰ انٹرنیشنل اسکول ڈی ایچ اے میڈم شبینہ عاطف، ایونٹ منیجر میڈم عاصمہ صدیقی، مارکیٹنگ انچارج میڈم مدحت حنیف اور سیکشن ہیڈمیڈم مائدہ مجیدکا کہنا تھا کہ اس سائنسی نمائش کا مقصد طلباء کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ یہ پیغام عام ہو اور ان چیلنجز سے نبردآزما ہونے ہونے کے لیے قوم اورنوجوان نسل کو تیار کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ الہدیٰ اسکول کے طلباء کی دینی اور دنیاوی ضروریات کے پیش نظر آئندہ بھی ایسے پروگرامات منعقد کرائے جاتے رہیں گے ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین