کراچی : جناح اسپتال میں انڈواسکوپی کی موجودہ سہولت کو بڑھانے کیلئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سابق طلبا نے جامعہ کی وساطت سے 2 کروڑ روپے تک مالیت کے 5 انڈو اسکوپی یونٹ جے پی ایم سی وارڈ 7 کو عطیہ کر دیئے۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے انڈواسکوپی کے نئے یونٹس کی جے پی ایم سی کو سپردگی پر کہا کہ جدید ترین مشینوں کی وارڈ 7 میں شمولیت سے جگر ، معدے ، چھوٹی اور بڑی آنت کے امراض کی بخوبی تشخیص و علاج میں آسانی ہو گی۔
منگل کو جے پی ایم سی کےایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کے دفتر میں مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، ڈائریکٹر ملحقہ کالجز اور المنائی افیئرز کی چیئر ڈاکٹر راحت ناز اور پاکستان فزیشنز سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر آصف سید، ڈاکٹر سید مسرور احمد، ڈاکٹر ذیشان و دیگر نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:پیپلز پارٹی لیاری جنرل ہسپتال میں صورتحال کشیدہ کرانے میں ملوث
اس موقع پر پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ جناح اسپتال میں ملک بھر بالخصوص سندھ کے دور دراز علاقوں سے علاج معالجے کیلئے مریض تشریف لاتے ہیں جس کی وجہ سے انڈواسکوپی وارڈ پر مریضوں کا رش لگا رہتا ہے ایسے میں ان انڈواسکوپی مشینوں کی شمولیت سے وارڈ پر دباؤ میں کمی آئے گی اور مریضوں کو تشخیص کی تیز ترین سہولت میسر آ سکے گی۔
انڈو اسکوپیز کی خریداری میں پاکستان فزیشنز سوسائٹی، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی المنائی ایسو سی ایشن آف نارتھ امریکا (JSMUAANA) اور ایس ایم سی کلاس 1995نےتعاون کیا۔ بعد ازاں شرکاء نے جے پی ایم سی کے انڈواسکوپی ڈپارٹمنٹ وارڈ 7 کا دورہ کیا اور جدید مشینوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
ان مشینوں کی شمولیت کے بعد اینڈوسکوپک ریٹروگریڈ کولانجیوپینکریٹوگرافی(ای آر سی پی) کی سہولت بھی شروع ہوسکےگی۔