پیر, ستمبر 16, 2024
صفحہ اولتازہ ترینسیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 2 ہزار یتیم بچوں کیلئے 3 شہروں...

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 2 ہزار یتیم بچوں کیلئے 3 شہروں میں تقریبات

کراچی : غیر منافع بخش ادارے گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) نے اپنے 160 فلاحی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے والے 2 ہزار یتیم بچوں کی تفریح کے لیے 3 مختلف شہروں میں دن بھر جاری رہنے والی تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، ان 2 ہزار یتیم بچوں کا زیادہ تر سندھ کے ان علاقوں سے تعلق ہے جو کہ اس سال سیلاب سے شدید ترین متاثر ہوئے تھے، یہ تقریبا ت کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں منعقد ہونگی۔

جی سی ٹی کے سربراہ زاہد سعید کا کہنا ہے کہ یہ تقریبات سالانہ بنیادوں پر منعقد ہوتی ہیں اور ان کے ادارے اس فلاحی پروگرام کاحصہ ہیں جس کے تحت پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ان یتیم بچوں کی پورے سال ضمنی کفالت کی جاتی ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سال ان تفریحی تقریبات کا انعقاد اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہ یتیم بچے اپنے آبائی علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں، سندھ کے پسماندہ علاقوں میں ہیں غریب طبقات کے لیے تعلیم کی فراہمی ایک خاصا مشکل کام بن گیا ہے جس کے لیے انہیں مخیر حضرات کے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔

مذید پڑھیں : لاہور : محققین COMSTECH ایوارڈز برائے 2023 کے لیئے کیسے اپلائی کریں گے ؟

سندھ کے وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی اور کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کراچی میں 24 دسمبر کوہونے والی تقریب میں بطور مہمانان اعزازی شرکت کریں گے، تقریب کا انعقاد کراچی کے ایک معروف تفریحی مقام پر ہو گا، اس تقریب میں کراچی، گھارو اور ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے 1100سے زائد یتیم بچے شرکت کریں گے۔

سندھ ک گورنر کامران ٹیسوری 31 دسمبرکو حیدرآباد کے رانی باغ میں منعقد ہونیوالی تقریب میں متوقع طور پر مہمان خصوصی ہوں گے۔ تقریب میں 15 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 720 یتیم بچے شرکت کریں گے۔

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سکھر کے بے نظیر پارک میں منعقد ہونے والی تقریب میں بطور مہمان خصوصی متوقع طور پر شرکت کریں گے۔ تقریب کا انعقاد 7 جنوری 2023 کو ہو گا اور اس میں تین اضلاع کے 130سے زائدیتیم بچے شرکت کریں گے۔

ان تقریبات میں جی سی ٹی کے سرپرست اعلیٰ سردار یاسین ملک، مخیر حضرات اور مختلف شعبوں کی مایہ ناز شخصیات بڑی تعداد میں شرکت کریں گی۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین