کراچی : بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی نے ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر، جامعہ کراچی میں ”کوالٹی کنٹرول کے لیے مقداری ڈیٹا کے تجزیے میں ایس پی ایس ایس کا استعمال“ کے عنوان سے دو روزہ ہائبرڈ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
یہ ورکشاپ آئی سی سی بی ایس اور سندھ انوویشن ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ اس کا مقصد شرکاء کو ایس پی ایس ایس کے ذریعے مقداری ڈیٹا کے تجزیے کی عملی تربیت اور تکنیکی معلومات فراہم کرنا تھا۔ یونیورسٹی آف گریٹر مانچسٹر، اسلام آباد کے کیمپس ڈائریکٹر اور ہیڈ آف ایم ایس پروگرامز، ڈاکٹر ایاز الحق نے ورکشاپ میں بطور سہولت کار خدمات انجام دیں۔
افتتاحی خطاب میں آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے ڈاکٹر ایاز الحق کا خیرمقدم کیا اور ورکشاپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خالص سائنسی علوم کے طلبہ کے لیے کوالٹی کنٹرول کے ضمن میں مقداری ڈیٹا کے تجزیے پر مبنی ایسی ورکشاپ کا انعقاد نہایت اہم ہے کیونکہ اس سے طلبہ کو تجزیاتی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل ہوتی ہیں۔
آئی سی سی بی ایس کو ایک ممتاز تعلیمی مرکز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ کیمیائی، حیاتیاتی اور حیاتی کیمیائی علوم میں نمایاں مراکزِ تحقیق میں شمار ہوتا ہے اور مختلف ممالک کے اسکالرز کی تحقیق و تربیت کا مرکز ہے۔
ڈاکٹر ایاز الحق نے شرکاء کو بتایا کہ موجودہ دور میں سائنسی تحقیق کے لیے شماریاتی سافٹ ویئر میں مہارت ناگزیر ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایس پی ایس ایس ایک نہایت مقبول اور مؤثر شماریاتی سافٹ ویئر پیکیج ہے، جو مختلف شماریاتی طریقہئ کار فراہم کرتا ہے جن کی مدد سے محققین ڈیٹا کا خلاصہ تیار کر سکتے ہیں اور مختلف گروہوں کے درمیان نمایاں فرق کا تعین کر سکتے ہیں جیسے ٹی ٹیسٹ اور تجزیہئ تغیر این او وی اے۔ اس ورکشاپ میں سائرن سے وابستہ جامعات کے ریسرچ اسکالرز، طلبہ، سائنس دانوں، پیشہ ور افراد اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔

