ہری پور: رپورٹ ( حافظ سرفراز ترین )کمپیوٹر سائنس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں ایک اہم کامیابی کے طور پر ڈاکٹر وجاہت علی نے جمعرات 18 جون 2026 کو یونیورسٹی آف ہری پور میں اپنے پی ایچ ڈی تحقیقی مقالے بعنوان “Machine Learning-Based Trustworthiness Assessment in Smart Grids Using Blockchain” کا کامیابی سے دفاع کر لیا ۔
ڈاکٹر وجاہت علی کے تحقیقی مقالے کی نگرانی ڈاکٹر اکرام الدین، ایسوسی ایٹ پروفیسر فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمپیوٹر سائنسز، یونیورسٹی آف ہری پور نے کی، جبکہ شریک نگران پروفیسر ڈاکٹر محتاج خان، ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمپیوٹر سائنسز، یونیورسٹی آف ہری پور تھے۔
تحقیقی کام کا جائزہ بیرونی ممتحنین پروفیسر ڈاکٹر ساجد انور، شعبۂ کمپیوٹر سائنس، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (IMSciences) پشاور، اور پروفیسر ڈاکٹر محمد ماجد، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) ٹیکسلا نے لیا۔
عوامی دفاع کی تقریب میں متعدد ممتاز ماہرین تعلیم اور محققین نے شرکت کی۔ شرکاء میں ڈاکٹر یوسف سعید، ڈاکٹر محمد ابراہیم، ڈاکٹر محمود احمد، ڈاکٹر داور خان، ڈاکٹر مدثر علی خان، ڈاکٹر سید شبیر الحسن نقوی، ڈاکٹر حبیب اکبر، ڈاکٹر کامران حبیب، ڈاکٹر کامران احمد اعوان، عباس علی، ڈاکٹر عابد علی، ڈاکٹر بشیر حیات اور عادل ابرار کاظمی شامل تھے۔
ڈاکٹر وجاہت علی نے اپنے تحقیقی کام کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا اور ممتحنین و شرکاء کی جانب سے کیے گئے تکنیکی سوالات کے جامع اور مدلل جوابات دیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
تحقیق کا بنیادی مقصد اسمارٹ گرڈ ڈیوائسز کے لیے ایک محفوظ اور مؤثر ٹرسٹ مینجمنٹ فریم ورک تیار کرنا تھا۔ اس نظام میں مشین لرننگ کی مدد سے قابلِ اعتماد اور ناقابلِ اعتماد ڈیوائسز کی شناخت کی جاتی ہے جبکہ بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹرسٹ ویلیوز کو محفوظ انداز میں ذخیرہ کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر وجاہت علی نے اپنی پی ایچ ڈی تحقیق کے دوران 8 تحقیقی مقالے شائع کیے جن کا مجموعی امپیکٹ فیکٹر 58 ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تحقیقی کام انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اسمارٹ گرڈ سکیورٹی کے میدان میں ایک اہم اضافہ ہے جو مستقبل کے محققین کے لیے نئی تحقیقی راہیں ہموار کرے گا۔
تعلیمی و سماجی حلقوں نے ڈاکٹر وجاہت علی کو اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی علمی اور تحقیقی میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے ۔

