کراچی : پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) اسلام آباد نے نجی میڈیکل کالجوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے بند ہونے سے قبل طلباء سے فیس کا مطالبہ نہ کریں ۔
پاکستان میڈیکل کمیشن نے کہا ہے کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ پرائیویٹ میڈیکل کالج طلباء کو داخلہ فیس ادا کرنے پر مجبور کر رہے ہیں جو کہ تمام میڈیکل کالجوں کو بتائی گئی PMC داخلہ پالیسی کے خلاف ہے ۔
پاکستان میڈیکل کمیشن نے اس حوالے سے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کمیشن کے علم میں آیا ہے کہ پرائیویٹ کالجز ایسے طلبہ کو مجبور کر رہے ہیں جنہیں میرٹ لسٹ ظاہر کیے بغیر فیس جمع کرانے کی پیشکش کی جاتی ہے ۔ کمیشن نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور کسی بھی طالب علم کی جانب سے اس سلسلے میں شکایت موصول ہونے کی صورت میں کالج کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت تادیبی کارروائی شروع کی جائے گی۔