Wednesday, April 15, 2026
صفحہ اولNewsانجمن اساتذہ نے بھی وفاقی اردو یونیورسٹی کے حالیہ سلیکشن بورڈ اشتہار...

انجمن اساتذہ نے بھی وفاقی اردو یونیورسٹی کے حالیہ سلیکشن بورڈ اشتہار کو متنازعہ قرار دے دیا

کراچی : انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس وفاقی اردو یونیورسٹئی کے ہنگامی اجلاس میں وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے جاری ہونے والے اساتذہ کی اسامیوں کے نئے اشتہار کو امتیازی اور متنازعہ قرار دیتے ہوئے اسے منظور نظر افراد کو نوازنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ 2022 کے اشتہار کے مطابق فوری طور پر سیلیکشن بورڈ کا انعقاد کر کے سینئر اساتذہ کی ترقی کو مکمل کیا جائے۔ انجمن اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی خالی نشستوں پر نیا اور مکمل اشتہار جاری کیا جائے۔

یونیورسٹی میں تعلیمی اور تحقیقی عمل مکمل طور پر جمود کا شکار ہے اور اساتذہ مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ اساتذہ نے 2013 اور 2017 کے سینیٹ سے منظور شدہ سیلیکشن بورڈ کوغیر ضروری طور پر متنازعہ بنانے کے عمل کی بھی مذمت کی اور اس حوالے پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالد، سعید اللہ والا اور شکیل الرحمان پر مشتمل سینیٹ کمیٹی کی کارروائی پر فوری عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ وائس چانسلر کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد نہیں کر رہے ہیں۔ انجمن اساتذہ کے اجلاس میں وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورستی کی دو سالہ کارکردگی کو مایوس کن قراردیتے ہوئے صدر پاکستان اور اردو یونیورسٹی کے چانسلر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کا خصوصی اجلاس طلب کر کے وائس چانسلر کی کارکردگی پر ڈاکٹر رضا چوہان کی سربراہی میں بننے والی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے۔

وائس چانسلر کے دور میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے مالی اور انتظامی بحران میں اضافہ ہوا ہے۔ اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں اور پینشن بروقت ادا نہیں کی جارہی ہیں۔ ہاوس سیلنگ کی ادائیگی گزشتہ 24 ماہ سے نہیں کی گئی، یونیورسٹی میں آغاخان، لیاقت نیشنل اور دیگر معروف ہسپتالوں کی سروس ختم کرکے، اراکین سینیٹ کے ہدایت کے برخلاف، ایک نجی اداے کے مطب قائم کر دیے گئے ہیںَ جبکہ وائس چانسلر خود اس ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔ انجمن اساتذہ نے صدر پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وائس چانسلر نے قومی زبان کے نام پر بننے والی وفاقی اردو یونیورسٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

انجمن اساتذہ کے اجلاس میں انجمن کے صدر روشن علی سومرو، سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالماجد، ڈاکٹر سید شجاع الدین، ڈاکٹر محمد عثمان کے علاوہ ڈاکٹر رانی ارم، ڈاکٹر یاسمین سلطانہ، ڈاکٹر حسن امام، ڈاکٹر رضوانہ جبین، ڈاکٹرکہکشان، ڈاکٹر زینب شریف، ڈاکٹر امیر فاروقی، ڈاکٹر این سیمسن، ڈاکٹر سالکہ مرغوب، ڈاکٹر شہاب الدین، ڈاکٹر عبدالرحمان یوسف خان، ساجد چوہان، سکندر علی، ڈاکٹر اصغر دشتی، خرم شاہ نواز، ڈاکٹر سید اقبال نقوی، ڈاکٹر سیما ابڑو، حارث مسعود، شعیب علی، عبدالصمد، ڈاکٹر عرفان عزیز، ڈاکٹر شرجیل نوید، ڈاکٹر ہما نثار، ڈاکٹر مسرور خانم، ابوزر اقتدار نے شرکت کی۔ ہنگامی اجلاس میں انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس کی صدر سعدیہ خلیق اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر افتخار احمد طاہری نے خصوصی شرکت کی۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین