Monday, May 11, 2026
صفحہ اولNewsجامعہ کراچی میں تعلیمی بحران شدت اختیار کر گیا

جامعہ کراچی میں تعلیمی بحران شدت اختیار کر گیا

کراچی : جامعہ کراچی میں تعلیمی بحران شدت اختیار کر گیا ،  اساتذہ و ملازمین کی ہڑتال کے باعث امتحانات اور تدریسی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل، طلبہ شدید ذہنی دباؤ اور تعلیمی نقصان کا شکار ہو رہے ہیں ۔ 

کراچی: گذشتہ ہفتہ سے جاری جامعہ کراچی میں اساتذہ اور ملازمین کی جانب سے ہاؤس سیلنگ، مختلف الاؤنسز اور دیگر مالی مراعات کی عدم ادائیگی کے خلاف جاری احتجاج اور ہڑتال کے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی عزیر چشتی نے کہا کہ رواں احتجاج کے باعث جامعہ کراچی کی تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔ متعدد امتحانات پہلے ہی ملتوی ہو چکے تھے جبکہ اب 11 مئی سے مکمل تدریسی، انتظامی سرگرمیوں اور امتحانات کے بائیکاٹ کے اعلان نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف اساتذہ کے مطالبات جائز اور قابلِ توجہ ہیں کیونکہ تنخواہوں اور الاؤنسز کی عدم ادائیگی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، تاہم دوسری طرف اس تمام صورتحال کا سب سے بڑا نقصان طلبہ کو ہو رہا ہے، جو نہ صرف امتحانات کی غیر یقینی کیفیت سے پریشان ہیں بلکہ اپنے تعلیمی مستقبل کے حوالے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے برسوں سے طلبہ پر فیسوں کا بوجھ مسلسل بڑھایا جاتا رہا ہے، جبکہ امتحانی فیس، سمیسٹر فیس اور دیگر اخراجات میں اضافہ کے باوجود تعلیمی معیار، بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر میں خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آئی۔ نتیجتاً طلبہ مسلسل ایک ایسے نظام کا حصہ بنے ہوئے ہیں جہاں ادائیگی تو بڑھتی جا رہی ہے لیکن سہولیات بدستور محدود ہیں۔

آج کی صورتحال میں امتحانات اور کلاسز کی معطلی نے طلبہ کے تعلیمی تسلسل کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث ان کا قیمتی وقت اور مستقبل دونوں خطرے میں پڑ گئے ہیں۔ ترجمان جمعیت جامعہ کراچی نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی مطالبہ کرتی ہے کہ:

جامعہ انتظامیہ اور اساتذہ تنظیم فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالیں ، طلبہ کو اس انتظامی اور مالی کشمکش کا ایندھن نہ بنایا جائے ، تدریسی و امتحانی نظام کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے واضح اور مستقل حکمت عملی اپنائی جائے ۔

ہم واضح کرتے ہیں کہ طلبہ کسی بھی ادارہ جاتی یا انتظامی تنازع کا حصہ نہیں بلکہ اس جامعہ کا اصل محور ہیں، اور ان کے مستقبل پر سمجھوتہ کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین