Monday, May 11, 2026
صفحہ اولNewsمدرسہ تعلیم القرآن شکوریہ فیز ٹو کا قیام

مدرسہ تعلیم القرآن شکوریہ فیز ٹو کا قیام

تحریر : مولانا طلحہ رحمانی

ہمارے محترم برخوردارم قاری محمد نعیم سلمہ سے اللہ تعالیٰ کم عمری اور کم وقت میں بڑا دینی و فلاحی کام لے رہے ہیں۔۔۔۔

مختصر عرصہ میں دینی ادارے سمیت بعض اہم فلاحی و سماجی خدمات انجام دیں ہیں اور مسلسل مصروف عمل ہیں جو یقیناً قابل ستائش ہے۔۔۔۔

کراچی کی تقریباً سب سے بڑی کچی آبادی ماڑی پور کی طرف ہے وہاں کئی برسوں سے دینی،تعلیمی،تربیتی، فلاحی و سماجی میدانوں میں کئی جہتوں پر قاری صاحب کام کررہے ہیں۔۔۔۔

چند برس قبل مدرسہ تعلیم القرآن شکوریہ کے نام سے شعبہ تحفیظ و تجوید کا معیاری ادارہ قائم کیا۔۔۔۔پھر اس ادارے میں ابتدائی دینی تعلیم کے ساتھ بہترین تربیتی ماحول میں عصری نظام تعلیم کا سلسلہ بھی شروع کیا۔۔۔۔مسلسل مخلصانہ محنت سے مختصر وقت میں ادارہ کو رب تعالیٰ نے علاقہ بھر مقبولیت سے سرفراز کیا۔۔۔۔

اس مختصر عرصہ میں ادارہ مدرسہ تعلیم القرآن شکوریہ سے تعلیمی استفادہ حاصل کرنے والے کئی طلباء نے جہاں حفظ قرآن کی تکمیل کی سعادت حاصل کی وہیں گزشتہ سال میڑک کرنے والے پہلے بیج نے اپنا ایک تعلیمی مرحلہ بھی مکمل کیا۔۔۔۔۔
ان تمام طلباء کو نہ صرف مکمل تعلیم مفت دی جاتی ہے بلکہ نصاب اور بورڈ کی فیسوں وغیرہ تک کے جملہ اخراجات ادارہ خود برداشت کرتا ہے۔۔۔۔اور بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے سال کے مختلف ایام میں کئی مثبت سرگرمیاں بھی ادارہ کی طرف سے کی جاتی ہیں۔۔۔۔علاقہ کیونکہ کافی پسماندہ ہے وہاں پڑھنے والے بچوں کے ورثاء کیلئے اس نوعیت کی بہترین اور بنیادی تعلیمی اخراجات کو ادا کرنا یقیناً مشکل ہوتا ہے۔۔۔۔

الحمدللہ ان کی والہانہ اور مخلصانہ کاوشوں کا مظہر ہے کہ مختصر وقت میں اس ادارہ میں پڑھنے والوں کی تعداد اب سیکڑوں میں ہے۔۔۔۔

ادارہ کی سالانہ تعلیمی کارکردگی کے حوالہ سے منعقد ہونے والی تقریبات میں گزشتہ تین چار سالوں سے “راقم” کو شرکت کا موقع ملا ہے۔۔۔اور ان تقاریب کی مناسبت سے ادارہ کی کارکردگی پر لکھا بھی ہے۔۔۔۔
ان تقریبات میں ادارہ کی مختلف جہتوں میں خدمات کے حسیں سلسلہ کی کارکردگی کا جائزہ بھی سامنے آتا رہا ہے۔۔۔۔۔قاری صاحب سلمہ سے دینی نسبت کا قریبی دیرینہ کا تعلق ہونے کی وجہ سے بھی ان کے کاموں کا علم ہوتا رہتا ہے۔۔۔۔۔

ادارہ کی جہاں تعلیمی و تربیتی میدان میں نمایاں خدمات ہیں وہیں سماجی و فلاحی میدانوں میں بھی گرانقدر کاموں کا ایک وسیع سلسلہ “شکوریہ ویلفئیر فاؤنڈیشن” کے نام سے قائم ہے۔۔۔۔

اس فلاحی نام سے صاف پانی کے پلانٹ اور فراہمی کے پروجیکٹس سے لیکر روزانہ سیکڑوں مستحق گھرانوں میں مفت روٹیوں کی تقسیم کا سلسلہ ہے۔۔۔۔۔کئی تندور مستقل کام کررہے ہیں اور فاؤنڈیشن کے خدمت گار ان تمام مستحق گھروں میں باعزت و باوقار طریقہ سے روٹیاں پہنچانے کا اہتمام کرتے ہیں۔۔۔۔کئی مستحق گھرانوں کی مکمل اور کچھ کی جزوی کفالت بھی کی جاتی ہے۔۔۔۔۔۔جس میں راشن سمیت ان کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہیں۔۔۔۔۔

وسیع کچی آبادی میں چھ مکاتب قرآنیہ بھی قائم ہیں جس میں ابتدائی دینی تعلیم کا سعادتوں سے لبریز کام بھی الحمدللہ ادارہ انجام دے رہا ہے۔۔۔۔

مذکورہ کاموں کا سلسلہ تو گزشتہ چند برسوں سے جاری ہے اور اس میں یقیناً قابل ستائش کارکردگی کی صورت میں مسلسل اضافہ بھی ہورہا ہے۔۔۔۔۔مگر ابھی چند ماہ قبل ادارہ تعلیم القرآن شکوریہ کے فیز ٹو کے حوالہ سے قاری صاحب سلمہ اللہ نے بتایا۔۔۔۔

رمضان المبارک سے قبل ہاکس بے کے قریب رمضان ولیج میں قائم رہائشی اسکیم میں مسجد و مدرسہ کیلئے تقریباً تین ہزار گز سے زائد جگہ ادارہ کو ملی۔۔۔۔جس میں فوری طور پر مسجد کا آغاز کیا گیا۔۔۔اور ساتھ میں دینی ابتدائی تعلیم بھی شروع کی گئی۔۔۔۔حیران کن طور پر الحمدللہ چند ہی روز میں ضروری سہولیات سے آراستہ عارضی مسجد قائم کی گئی۔۔۔۔اور رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی اس میں نمازوں اور تراویح کا بھی باقاعدہ آغاز ہوا۔۔۔۔اور مستقل دینی خدمات کی انجام دہی کیلئے دو معلمین کو بھی مقرر کیا گیا۔۔۔۔اور عید الفطر کے بعد ساٹھ سے ستر بچوں نے قرآنی و دینی تعلیم کا آغاز بھی کردیا۔۔۔۔

اس ادارہ میں قائم مسجد کا نام “جامع مسجد علی المرتضی” و مدرسہ تعلیم القرآن شکوریہ فیز ٹو رکھا گیا۔۔۔۔جس کی حتمی تعمیرات کا شاندار نقشہ تیاری کے مراحل میں ہے۔۔ اس تعمیر جدید میں ایک ہزار طلباء کیلئے تمام سہولیات کے ساتھ بہترین ماحول میں دینی و عصری تعلیم کا مکمل منصوبہ ہے۔۔۔۔جس میں رہائشی سہولیات بھی ہونگی۔۔۔۔

سردست اس سعادت آفرین کام کا آغاز کیا گیا ہے جو رات دن لگا کر قاری صاحب سلمہ نے مسجد کی تعمیر سے کیا تاکہ خیر و برکات کا سبب بنے اور علاقہ دینی بہاروں سے آباد ہوجائے۔۔۔۔اس علاقہ کی رہائشی اسکیم میں تیزی سے نئی آبادی بھی ہورہی ہے۔۔۔جہاں بنیادی دینی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے قاری صاحب سلمہ نے فوری اور جلد مسجد و مکتب قائم کردیا۔۔۔۔اس مکتب میں قرآنی تعلیم کے ساتھ بنیادی ضروری عصری تعلیم کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔۔۔۔

عید کے بعد سے برخوردارم قاری صاحب سلمہ نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کئی بار “راقم” کو دعوت دی۔۔۔۔مگر امراض اور عذر کی بناء پر حاضر ہونے سے قاصر رہا۔۔۔۔چند روز قبل ہمارے محبوب برادرم مولانا عبد القدوس محمدی سلمہ اللہ اسلام آباد سے تشریف لائے ہوئے تھے۔۔۔۔قاری صاحب نے ان کو بھی مدعو کیا تھا۔۔۔۔مولانا موصوف سلمہ اللہ کہیں اور مصروفیت کی وجہ سے تاخیر سے تشریف لائے۔۔۔۔مگر ان کی برکت سے “راقم” کی حاضری مقدر ہوئی۔۔۔۔جبکہ برادر مکرم عظمت علی رحمانی و برادرم مفتی طلحہ عتیق سلمہ اللہ بھی ہماری اس محفل کے دوسرے حصہ میں تشریف لائے۔۔۔۔۔عصر سے مغرب تک اس خوبصورت ادارہ کی وسیع اور کشادہ جگہ پر وقت گزارا۔۔۔۔مسجد میں درجنوں بچے قرآن پڑھنے میں مصروف تھے۔۔۔۔دوپہر کے وقت پڑھنے کیلئے آنے والے بچے عصر تک ادارہ میں ہوتے ہیں اور پھر ان بچوں کی دلجوئی کیلئے وہاں صحت مندانہ سرگرمیوں اور کھیلنے کا بندوبست بھی کیا ہوا ہے۔۔۔۔تاکہ وہ مانوس ہوں۔۔۔۔

قاری صاحب سلمہ نے بتایا کہ روزانہ ان بچوں کیلئے شام کی چائے کے ساتھ اکرام کی ترتیب بھی رکھی ہوئی ہے۔۔۔۔مسجد کی امامت اور تعلیم کیلئے مقرر کردہ نوجوان علماء سے بھی ملاقات ہوئی۔۔۔جبکہ اس ولیج کے اطراف میں مساجد و مدارس کے ذمہ داران کو بھی مدعو کیا ہوا تھا۔۔۔سب سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔۔۔

برخوردارم قاری محمد نعیم سلمہ اللہ سے قریبی تعلق کی وجہ سے ان کے تعلیمی و رفاہی امور میں مشاورت رہتی ہے۔۔۔۔ان مشاورت کی روشنی میں اس ادارہ کے فیز ٹو جیسے بڑے اقدام پر ڈھیروں دعائیں نکلیں۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ جلد اس دینی و اسلامی مرکز کی تعمیر کے مراحل کو آسان فرماکر مکمل فرمائیں۔۔۔۔اور جو اس کار خیر میں معاون بنیں اور حصہ لیں ان کیلئے بہترین صدقہ جاریہ بنائیں۔۔۔قاری صاحب اور ان کے تمام رفقاء کی کاوشوں و محنتوں کو شرف قبولیت سے سرفراز فرمائیں۔۔۔۔اور اپنی شان کے مطابق اس کا اجر و بدلہ عطاء فرمائیں۔۔۔۔آمین

بعد نماز مغرب قاری صاحب سلمہ کی جانب سے برادرم مولانا عبد القدوس محمدی سلمہ اللہ کے اعزاز میں پر تکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔۔۔۔جس میں بھائی عظمت علی رحمانی،برادرم مفتی طلحہ عتیق،بھائی اعظم خان، مولانا رفیع اللہ رفعت سمیت دیگر احباب و رفقاء بھی موجود تھے۔۔۔۔ایک بہترین مجلس و نشست منعقد ہو گئی ۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ ان سب حضرات کو خوب خوب جزائے خیر عطا فرمائیں۔۔۔آمین

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین