Thursday, April 30, 2026
صفحہ اولNewsوفاقی اردو یونیورسٹی: سیکیورٹی گارڈز کی جبری برطرفی پر انجمن اساتذہ کا...

وفاقی اردو یونیورسٹی: سیکیورٹی گارڈز کی جبری برطرفی پر انجمن اساتذہ کا احتجاج

وفاقی اردو یونیورسٹی: سیکیورٹی گارڈز کی جبری برطرفی پر انجمن اساتذہ کا احتجاج، وائس چانسلر پر کڑی تنقید

عبدالحق کیمپس کے وفد کا گلشن اقبال کیمپس کا ہنگامی دورہ، ملازمین سے اظہارِ یکجہتی اور بر طرف ملازمین کی بحالی کا مطالبہ

انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی (عبدالحق کیمپس) کے عہدیداروں نے گلشن اقبال کیمپس کا ہنگامی دورہ کیا اور وائس چانسلر کی جانب سے سیکیورٹی گارڈز کی جبری برطرفی کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔

انجمن اساتذہ کے وفد، جس میں نائب صدر ڈاکٹر اصغر دشتی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید اقبال حسین نقوی اور ڈاکٹر عرفان عزیز شامل تھے، نے انجمن معاون تدریسی عمال کے صدر عدنان اختر اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کر کے برطرف ملازمین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

یونیورسٹی کے انتظامی بلاک کے سامنے علامتی احتجاج کے دوران ڈاکٹر اصغر دشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا انتظامیہ کا فیصلہ انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ جن سیکیورٹی گارڈز نے یونیورسٹی میں چوری کی واردات کو ناکام بنایا اور قیمتی سامان کی حفاظت کی، انہیں تعریفی اسناد دینے کے بجائے قوانین کی آڑ میں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ یہ صریحاً ناانصافی ہے۔ وائس چانسلر متعدد ملازمین کو نام نہاد سینڈیکیٹ کے اجلاس کی آڑ میں برطرف کر رہے پیں اور متعدد ملازمین کی تنخواہیں روک رکھی ہیں۔

جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید اقبال حسین نقوی نے کہا کہ یونیورسٹی اس وقت شدید انتظامی اور مالی بحران کا شکار ہے۔ ملازمین کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں اور 24 ماہ سے ہاؤس سیلنگ ادا نہیں کی گئی۔میڈیکل کی بنیادی سہولیات عرصہ دراز سے بند ہیں، جس سے ملازمین سخت اذیت کا شکار ہیں۔

ڈاکٹر عرفان عزیز نے انکشاف کیا کہ وفاقی محتسب کی عدالت کے مطابق یونیورسٹی کے پاس ایک ارب روپےسے زائد کے فنڈز موجود ہیں، اس کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن ادا نہیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اور وفاقی وزیر تعلیم حالات کا نوٹس لیں۔

یونیورسٹی کے پرو چانسلر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر فوری طور پر یونیورسٹی کا دورہ کریں اور بگڑتے ہوئے حالات کا جائزہ لیں۔

انجمن معاون تدریسی عمال کے صدر عدنان اختر نے اپنے بیان میں وائس چانسلر کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ برطرف شدہ نملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین