Thursday, April 30, 2026
صفحہ اولNewsکراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026 کا یکم مئی سے...

کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026 کا یکم مئی سے آغاز ہو گا

کراچی : علم وہنر اورجدید ٹیکنالوجی کے متوالوں کے لیے خوش خبری! پاکستان کا سب سے بڑا تعلیمی اور ٹیکنالوجی ایونٹ” کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈایڈٹیک فیئر 2026 “اپنی تمام تررعنائیوں کے ساتھ سجنے کو تیار ہے ۔ ایم ٹیک سسٹمز، اردو اکیڈمی سندھ اور اوربٹ ایڈورٹائزنگ کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ سہ روزہ بک اینڈٹیک فئیر یکم مئی سے 3 مئی تک کراچی ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 2 اور 3 میں علمی و فنی روشنی بکھیرے گا۔

کراچی انٹرنیشنل بُک اینڈ ایڈ ٹیک فیئر 2026 کے چیئرمین علی کے چشتی نے تیاریوں کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس میگا ایونٹ کے تمام اسٹالز پہلےہی بک ہوچکےہیں، جو عوام اور اداروں کی بھرپور دلچسپی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیسٹیول روایتی کتب میلوں کی حدوں کو توڑتے ہوئے تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کا ایک ایسا سنگم ثابت ہوگا جہاں کتاب کی خوشبو اور ڈیجیٹل جدت ایک ساتھ میسر ہوں گی۔ اس میلے میں 200 سے زائد بُک اور ایڈ ٹیک اسٹالز لگائے جائیں گے، جبکہ 75 سے زائد قومی و بین الاقوامی ایڈ ٹیک ادارے اپنی جدید ترین مصنوعات اور تعلیمی خدمات پیش کریں گے۔

ایونٹ کی نمایاں خصوصیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روبوتھون 3.0 اس میلے کی سب سے بڑی کشش ہوگی، جہاں روبوٹکس کے سنسنی خیز مقابلوں میں ملک بھر کے باصلاحیت طلبہ اپنی تکنیکی مہارتوں اور حیرت انگیز ایجادات کا لوہا منوائیں گے۔ اسی طرح انٹرنیشنل پویلین میں عالمی پبلشرز اور بین الاقوامی ایڈ ٹیک اداروں کی شرکت علمی روابط کو عالمی سطح پر جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

مستقبل کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل لیٹریسی کے موثر استعمال پر خصوصی تربیتی سیشنز اور ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ فِن ٹیک پارٹنرز کے طور پر معروف بینک اور مالیاتی ادارے جدید ڈیجیٹل بینکنگ اور فنانشل ٹیکنالوجی کی سہولیات سے شرکاء کو روشناس کرائیں گے۔ میلے کی ادبی کہکشاں میں کتابوں کی رونمائی، نامور مصنفین سے ملاقاتیں، علمی مباحثے اور اسٹارٹ اپ شوکیس اس ایونٹ کو چار چاند لگائیں گے۔

خدمات کا اعتراف اور انعامات کے سلسلے میں ایک باوقار تقریبِ پذیرائی بھی منعقد کی جائے گی جس میں تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ علی کے چشتی نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں میں تخلیقی سوچ بیدار کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ شرکاء کی دلچسپی کے لیے لکی ڈرا، قیمتی تحائف اور انٹرایکٹو لرننگ زونز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین