لاہور(پ ر) وفاق المدارس الرضویہ پاکستان نے اپنے سالانہ امتحانات (حفظ،تجوید،متوسطہ ،عامہ،خاصہ ،عالیہ،عالمیہ،تخصصات) کے نتائج کا اعلان کردیا ۔
چیئر مین امتحانی بورڈ ڈاکٹر محمدکریم خان کے مطابق وفاق سے ملحقہ2100 مدارس کے 42725 طلباء و طالبات نے سالانہ امتحانات میں شرکت کی ، جن میں 41678 نے کامیابی حاصل کی ۔
اس طرح کامیابی کا تناسب 96%رہا-سالانہ امتحانات کے لیے 712 امتحانی مراکز اور 70 مارکنگ سنٹر قائم کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں:قائم مقام VC کے فیصلے سے وفاقی جامعہ اردو کے خسارے میں ماہانہ 2 کروڑ روپے کا مذید اضافہ
سالانہ امتحانات میں پاکستان بھر کے علاوہ دیگر ممالک برطانیہ ،نیدر لینڈ ،عراق اور سعووی عرب(آن لائن )سے بھی طلباء وطالبات نے شرکت کی ۔وفاق المدارس الرضویہ پاکستان نے صرف 18 دن میں نتائج کا اعلان کیا ہے ۔جو کہ دینی مدارس کے وفاقوں میں سب سے قلیل عرصہ میں سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ہے ۔
صدر وفاق المدارس الرضویہ صاحبزادہ حسین رضا،ناظم اعلیٰ مولانا وزیر القادری ، نائب صدر ڈاکٹر شمس الرحمان اور نائب ناظم اعلیٰ مفتی گلزار نعیمی نے کامیاب طلباء وطالبات کو مبارکباد دی جبکہ بروقت امتحانات کے انعقاد اور صرف 18 دن میں نتائج کی تیاری پر شعبہ امتحانات کے ذمہ داران اور عملہ کو شاباش دی۔
مزید پڑھیں:پاکستان سائنس فاونڈیشن کے تعاون سے 3 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
یاد رہے کہ وفاق المدارس الرضویہ پاکستان مدارس کی تاریخ میں وہ پہلا دینی وفاق ہے،جس نے سات علوم (تفسیر،حدیث،سیرت،فقہ ،تصوف،لغت،اقتصاداسلامی ) میں تخصصات کے امتحانات منعقد کیے ہیں اور آئندہ تعلیمی سال میں مزید دو تخصصات (عقائد،معقولات) کے امتحانات بھی لے گا۔

