تنگوانی(رپورٹ ؛ پیر بخش نوناری) تنگوانی کےگاؤں دلیجان ملک میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت نئے تعمیر شدہ گورنمنٹ ہائی اسکول گاؤں دلیجان ملک کا افتتاح کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ربن کاٹ کر افتتاح کیا اور تعمیر شدہ اسکول کا دورہ کیا۔
سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے سینئر منیجر طارق مسعود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بیسک پروگرام کے تحت امریکی عوام کے تعاون سے سندھ کے 10 اضلاع میں 106 سرکاری اسکولوں کی تعمیر کررہے ہیں جہاں عوام کے لیے معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ بیسک پروگرام کے تحت اب تک 88 اسکول بنائے گئے ہیں، جن میں 80 ہزار سے زائد بچے تعلیم حاصل کریں گے۔اسی ضمن میں آج ضلع کشمور میں نو تعمیر شدہ گورنمنٹ ہائی اسکول دلیجان ملک کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی ہے۔
اسکول کو یو ایس ایڈ کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے۔اسے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (SBEP) کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منور علی مٹیانی نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اب دلیجان ملک گاؤں میں ایک جدید ترین اسکول ہے، اب مجھے والدین کے لیے اپنے بچوں کو تعلیم کے حق سے محروم کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔
مزید پڑھیں:پانچویں سندھ کالج گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کی شرکت
ہمیں یو ایس ایڈ کے تعاون سے ماڈل سکول دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ہم یو ایس ایڈ کے مشکور ہیں جس نے تعلیم کے فروغ کے لئے ایسے اقدامات کئے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر محکمہ تعلیم کی جانب سے تعمیر شدہ سکول کوذیبسٹ کے حوالے کیا گیا۔
تقریب میں سکول مینجمنٹ ، کمیونٹی ممبران، والدین، اساتذہ، طلباء اور سول سوسائٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔