جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی سربراہی میں اکیڈمک کونسل کے 32 ویں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں انٹری ٹیسٹ کے امیدواروں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے متعدد پروگرامز کی نشستیں بڑھانے کی منظوری دی گئی۔
ان پروگرامز میں بیچلرز ان ڈینٹل سائنسز کی نشستیں 50 سے بڑھا کر 75، بی ایس میڈیکل ٹیکنالوجی کی 150 سے 200 اور بی ایس نرسنگ پروگرام کی نشستیں 50 سے بڑھا کر 100 کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کیوں کہ ان میں سے 2 پروگرامز میں داخلے کیلئے مسلسل سالانہ تقریباً 3000 درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔
اجلاس کا آغاز رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں جے ایس ایم یو کے پروفیسرز، ڈینز اور اداروں کے سربراہان سمیت الحاق شدہ کالجوں کے پرنسپلز اور نمائندوں نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:جامعہ کراچی : ریسرچ مراکز کے اساتذہ و ملازمین نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیئے
اجلاس میں موجودہ تعلیمی طریقہ کار میں تبدیلیوں، از سر نو تشکیل منظور شدہ بورڈز اور نئے پروجیکٹس کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ کونسل نے طلباء کی بڑھتی تعداد کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے فیکلٹی اور فنڈز پر تبادلہ خیال کیا ساتھ ہی توسیع شدہ نشستوں کے حوالے سے انتظامات کے لیے حل تجویز کیے، اس منظوری کے بعد یونیورسٹی متعلقہ حکام سے اجازت لینے کے لیے درخواست کرے گی۔
کونسل نے انڈر گریجویٹ پروگرامز میں پروفیشنلزم، اسلامیات اور غیر مسلموں کے لیے اخلاقیات جیسے مضامین کے لیے تشخیصی پالیسی کی بھی منظوری دی۔ اس موقع پر APPNA انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل تھیراپی اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کے ازسر نو تشکیل شدہ بورڈز آف اسٹڈیز کے لیے بھی منظوری دی گئی جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز اور انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ بزنس مینجمنٹ نے اپنے نظرثانی شدہ بورڈز آف فیکلٹی کے لیے منظوری حاصل کی۔
مزید پڑھیں:محمکہ تعلیم سندھ کا سکول 8:30 بجے کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری
الحاق کمیٹی کے لیے اکیڈمک کونسل کے دو اراکین بھی نامزد کیے گئے۔ ریسرچ ڈپارٹمنٹ نے ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری کی درخواست کی اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو سرقہ سے پاک تحقیق پر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی تجویز دی۔ ایجنڈا کے دیگر آئٹمز میں ایم بی اے- ایچ ایچ سی ایم اور فیملی میڈیسن ڈپلومہ پروگرامز کے نصاب میں تبدیلیاں اور پروگرام کی وضاحتیں شامل تھیں۔
اجلاس میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے سربراہ ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی، ناظم امتحانات ڈاکٹر انیتا شاہ، ڈائریکٹر الحاق شدہ کالجز ڈاکٹر راحت ناز اور ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر سید معین علی بھی موجود تھے۔

