کراچی …… ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں سالانہ امتحانات 2023ء میں ہونے والے نہم و دہم جماعت سائنس گروپ کے امتحانی پرچہ جات کے نئے سوالیہ ماڈل پیپرز جاری کر دیئے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ اور انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کے سربراہ پروفیسر سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بورڈ کی ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے گزشتہ دنوں چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا جس میں سینئر اور قابل اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی اور ماڈل پیپرز تیار کئے۔
مزید پڑھیں:ایم ایس او حیاء کے کلچر کو فروغ دینا چاہتی ہے، عنایت اللہ فاروقی
ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ کے مطابق 2023ء کے سالانہ امتحانات کیلئے پرچے کاپہلا حصہ کثیر الانتخابی سوالات (MCQs) 20 فیصد، دوسرا حصہ مختصر جواب کے سوالات کا 40 فیصد جبکہ تیسرا حصہ بیانیہ جواب کے سوالات کا 40 فیصد پر مشتمل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی پرچہ جات پورے نصاب پر محیط ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں سائنس گروپ کے ماڈل پیپرز جاری ہوئے ہیں جبکہ فروری کے آخری ہفتے میں جنرل گروپ کے ماڈل پیپرز بھی تیار ہوجائیں گے۔
مزید پڑھیں:سپلا کی جانب سے انجمنِ اساتذہ جامعہ کراچی کے فیصلوں کی حمایت کا اعلان
چیئرمین بور ڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ پورے سندھ میں سب سے پہلے ماڈل پیپرز میٹرک بورڈ نے جاری کئے ہیں انہوں نے سینئر اساتذہ کرام اور خاص طور پر ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر، ریسرچ ایسوسی ایٹ ایم اے جعفری اور ان کے عملے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ریسرچ سیکشن آئندہ بھی ایسے ورکشاپ منعقد کرائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بورڈ کا ریسرچ سیکشن اکیڈمک کے حوالے سے بہت فعال ہے اور معیاری کام کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے۔ ماڈل پیپرز بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔