کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ریسرچ سیکشن کے زیر اہتمام سالانہ ہفتہ طلبہ کا آغاز ہو گیا۔
بورڈ کی سماعت گاہ میں پہلے مقابلہ حسن قرأت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ تعلیم سے وابستہ اداروں کا احترام کرنا ہمارا فرض ہے اس لئے کہ طلبہ کا مستقبل انہی سے وابستہ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں:ایس ایم آئی یو میں ترکی کے زلزلہ متاثرین کی یاد میں تقریب کا اہتمام
انہوں نے قرأت کی تاثیر کے موضوع پر کہا کہ قرآن ایک معجزہ ہے جو حضور ﷺ کے آخری نبی ہونے پر دلیل ہونے کیساتھ ساتھ پوری انسانیت کے لئے نصاب کا درجہ رکھتا ہے قرأت کو حسن و خوبی سے پڑھنا بھی اللہ کو پسند ہے۔
انہوں نے اسکولوں کے سربراہان سے کہا کہ وہ اپنے اسکولوں میں ایسے پروگرام کا انعقاد ضرورکیا کریں اور ہر اسکول طلباء و طالبات کو قرأت، حمد و نعت اور تقاریر کی مشق لازمی کرائیں، ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے کہا کہ طلبہ کی صلاحیتیں نمایاں کرنے کیلئے سال میں ایک بار ایسے مقابلوں کا انعقادہونا ضروری ہے تاکہ ان بچوں میں خود اعتمادی پیدا ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ قرأت کے مقابلوں میں بورڈ سے الحاق اسکولوں کے120سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ تقریب میں منصفین کے فرائض قاری مبیس احد نعیمی،قاری محمد ادریس خان، ڈاکٹر سعید احمد صدیقی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر رخسانہ صبا نے ادا کئے۔
مزید پڑھیں:ایس ایم سی کا 50 سالہ سفر! گولڈن جوبلی تقریبات کا پیر سے آغاز
منصفین کے فیصلے کے مطابق طلباء میں حسنِ قرأت میں پہلی پوزیشن مدنی ہائی اسکول لیاقت آباد کے محمد قاسم افسر خان، دوسری پوزیشن پائنیر گرامر سیکنڈری اسکول اورنگی ٹاؤن کے نعمان عمر اور تیسری پوزیشن سعید اسکول سسٹم پی ای سی ایچ ایس اسکول کے مصعب علی نے حاصل کی۔
اسی طرح طالبات میں پہلی پوزیشن اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول نارتھ ناظم آباد کی سیدہ خضریٰ عامر، دوسری پوزیشن ڈی ایچ اے سسی ایس ایس نیلم کیمپس فیز 5ڈی ایچ اے کی خدیجہ شریف جبکہ تیسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول مراد میمن ملیر کی اسماء جمیل نے حاصل کی۔

