
کراچی : ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ایم بی بی ایس سمیت تمام طلباء کو ڈیڑھ کروڑ (15 ملین روپے) سالانہ بلاسود قرضِ حسنہ کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔
یہ سہولت یونیورسٹی اور فلاحی ادارے احسان ٹرسٹ کے درمیان مفاہمت کے سمجھوتے کی تجدید کے بعد حاصل ہوئی ہے جس پر گذشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹیریٹ میں دستخط کیے گئے۔
ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار اشعر آفاق اور احسان ٹرسٹ کی جانب سے جنرل مینیجر فیاض الرحمٰن خان نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس سید حامد حسین شاہ، ہیڈ آف فنانشیل ایڈ محمد علی ، اسسٹنٹ رجسٹرار اظہربھٹو،ثمینہ اکسیر بھی موجود تھیں۔
مزید پڑھیں:عباسی شہید ہسپتال:ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ینگ ڈاکٹرز کے امتحانات میں رکاوٹ کھڑی کرنے لگا
معاہدے کی تجدید غیر معینہ مدت تک کی گئی ہے جس میں ہر سال ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم طلبا کو ” نیڈ کم میرٹ” کی بنیاد پر دی جائے گی جبکہ قرض دہندگان کی معلومات امانت کے طور پر محفوظ رکھی جائیں گی ۔
معاہدہِ مفاہمت پر دستخط کے بعد رجسٹرار ڈاؤ یونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق اور جنرل مینیجر فیاض الرحمٰن خان نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
مزید پڑھیں:جے پی ایم سی 753 نشستوں کیساتھ سب سے ڈاکٹروں کو تربیت دینے والا ادارہ بن گیا
اس موقع پر بات کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاؤیونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق نے کہا کہ یہ ڈاؤ یونیورسٹی کے لئے طلبا کے لئے اچھی سہولت ہے اور ضرورت مند طلبا اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ جنرل مینیجر احسان ٹرسٹ فیاض الرحمٰن خان نے کہا کہ ہم طلبا کو با وقار انداز میں آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔