جمعہ, ستمبر 20, 2024
صفحہ اولتازہ ترینکراچی : JSMU کے کانووکیشن میں سیکڑوں طلباء کو ڈگریاں تفویض

کراچی : JSMU کے کانووکیشن میں سیکڑوں طلباء کو ڈگریاں تفویض

کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا چوتھا جلسہ تقسیم اسناد اتوار کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر گراؤنڈ میں منعقد ہوا جس میں 630 سے زائد فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں ڈگریاں تفویض کی گئیں ۔

اس موقع پر بیچ 2020 اور 2021 کے بہترین گریجویٹس اور پوزیشن ہولڈرز میں 40 میڈلز بھی تقسیم کیے گئے جس میں سے طالبات نے 24 میڈل حاصل کیے۔ بی ڈی ایس کے طالبعلم سیف اسلم خان نے اپنے تعلیمی کیرئیر میں غیر معمولی کارکردگی پر 4 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

جلسہ تقسیم اسناد کے مہمان خصوصی کامران خان ٹسوری نے پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز تقسیم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ والدین اور اساتذہ کی بدولت اس ڈگری کو حاصل کرنے کے قابل ہوئے، ان کی قدر کریں ، تاحیات انکی خدمت کریں، پاکستان میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، والدین بچوں کو اچھا انسان بنائیں، نواجوانوں کو ریاست کا انتظار کیے بغیر اپنے حصے کا کام کرنا ہو گا، پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں، اپنے ڈرائنگ روم کی طرح اس کو سنواریں، پاکستان کے عوام اچھا سوچیں، رب کا شکر ادا کریں، مایوس نہ ہوں وقت بدلے گا، آپ جو چاہتے ہیں مل جائیگا۔

مذید پڑھیں : اقرأ روضۃ الاطفال کے 800 سے زائد حفاظ کو نشانِ اقرأ عطا کرنے کیلئے شاندار تقریب کا انعقاد

وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں ڈگریاں تفویض کیں۔اپنی تقریر میں انہوں نے فارغ التحصیل طلباء سے کہا کہ وہ وطن عزیز کے ساتھ سچے رہیں اور جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کریں، انہوں نے تعلیم کے شعبے کو سندھ حکومت کی ترجیح قرار دیا اور صوبے میں تعلیمی منصوبوں کے لیے اپنی حمایت کا وعدہ کیا۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے حالیہ برسوں میں جامعہ کو ملنے والی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ برطانیہ کی ٹائمزہائر ایجوکیشن امپکٹ رینکنگ 2022 میں سندھ کی میڈیکل جامعات میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کوسب سے بہترین قرار دیا گیا ہے ۔

جے ایس ایم یو صوبے میں میڈیکل کی جدید تعلیم فراہم کرنے کے لیے پائیدار حکمت عملیوں اور پروگرامز پرعمل پیرا ہے،انہوں نے جناح سندھ میڈیکل سٹی کے قیام کےاپنے ویژن کا بھی اظہار کیا اور ان مختلف منصوبوں کے بارے میںشرکاء کو بتایا جن پرجےایس ایم یو اس وقت کام کر رہی ہے ۔ ان میں بوائز میڈیکل کالج، اسکول آف نرسنگ، لانڈھی میں SESSI کے والیکا اسپتال کا حصول ، کالج آف فزیکل تھراپی کا قیام اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کے ساتھ تعاون شامل ہیں۔

مذید پڑھیں : جامعہ بنوری ٹائون : یوٹیوب پر چینل بنانا اور اس کی کمائی کا حکم ؟

جناح سندھ میڈیکل سٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ہاسٹلز سمیت موجودہ سہولیات کی توسیع کے لیے یونیورسٹی کو درکار جگہ کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور جے ایس ایم یو میں آنے والے غیر ملکی طلباء کے لیے بہتر رہائش کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب سے کانووکیشن کمیٹی کی چیئرپرسن پروفیسر عمرانہ خان نے بھی خطاب کیا، تقریب حلف برداری رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے کی۔

ایم بی بی ایس سال2020 میں علیزہ زکریا اور ایم بی بی ایس 2021 کے لیے آمنہ خان بہترین گریجویٹ رہیں، علینہ سلیم بی ڈی ایس سال 2020 اور سیف اسلم خان سال 2021 کی بہترین گریجویٹ رہے۔ علینہ رضوی اور رمشا ریاض نے فارم ڈی ڈسپلن میں بالترتیب سال 2020 اور 2021 کے بہترین گریجویٹ کا اعزاز حاصل کیا ۔

سال 2020 کی علینہ حفیظ اور سال 2021 کےفراز حسن کاظمی کو اچھی کارکردگی پر بیسک میڈیکل سائنسز کا اعزازی گولڈ میڈل دیاگیا۔سال 2020 کی سحرش اعزاز اور سال 2021 کے سیف اسلم خان کو اچھی کارکردگی پر بیسک ڈینٹل سائنسز کے اعزازی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

علینہ حفیظ کوایم بی بی ایس سال 2020 ، محمد علی کو ایم بی بی ایس سال 2021، سیدہ فروا عباس کوبی ڈی ایس سال 2020، سیف اسلم خان کو بی ڈی ایس سال 2021، شیخ محمد سعد کو فارم ڈی سال 2020 اور انوشہ شفیع کو فارم ڈی سال 2021 میںپہلی پوزیشن حاصل کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

مذید پڑھیں : جامعہ اردو میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور نوٹسز پر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی مذمت

سال آخر میں پوزیشن پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں مدیحہ ستار (ایم بی بی ایس سال 2020)، محمد عثمان غنی (ایم بی بی ایس سال 2021)، محمد علی (ایم بی بی ایس سال 2021)، لائبہ امین (بی ڈی ایس سال 2020) اور سیف اسلم خان (بی ڈی ایس سال 2021)شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور فارم ڈی میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو چاندی اور کانسی کے تمغے بھی دئیے گئے ۔ جبکہ ایم بی اے، ای ایم بی اے، ایم ایچ پی ای اور ایم ایس پی ایچ پروگرامز کے بہترین گریجویٹس میں 8سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

جلسہ تقسیم اسناد میں سابق ڈی جی ہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹر بیربل اور انکی بیٹی سپنا کماری نے بیک وقت ڈگری حاصل کی، کانووکیشن میں لمس کے وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ، حاجی حنیف طیب، صوبائی رکن اسمبلی ڈاکٹر لال چنداکرانی، ڈاکٹر نگہت شاہ، ڈاکٹر نصرت شاہ، ڈاکٹر انیتا شاہ، وائس چانسلر کی اہلیہ انیسا امجد سمیت جے ایس ایم یو کی فیکلٹی موجود تھی۔آخر میں پرو وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے دوران جے ایس ایم یو کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین