کراچی : چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی، فقیر محمد لاکھو نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کے شفاف، منصفانہ، پرامن اور بلاتعطل انعقاد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں سیکرٹری کالجز فرخ شہزاد قریشی، ڈی جی کالجز سندھ زاہد علی راجپراور آر ڈی کالجز کراچی ریجن گلاب رائے کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس میں امتحانی انتظامات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر امتحانی مراکز میں فرنیچر کی بروقت فراہمی، طلبہ و طالبات کے لیے موزوں اور سازگار ماحول کی یقینی دستیابی، اور امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے مربوط اور فعال نظام کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی۔
مزید برآں، شدید گرمی کے پیش نظر امتحانی مراکز پر ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ طلبہ یکسوئی کے ساتھ امتحانات دے سکیں۔
چیئرمین انٹربورڈ نے بتایا کہ امتحانات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کے الیکٹرک کو خط ارسال کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ تعطل سے بچا جا سکے اور امتحانی عمل متاثر نہ ہو۔
سیکرٹری کالجز نے اس موقع پر تمام سینٹر سپرنٹنڈنٹس اور متعلقہ عملے کو ہدایت جاری کی کہ امتحانی مراکز میں نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، نقل کی روک تھام کے لیے مکمل عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جائے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی امتحانی عملہ منفی یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کو شفاف، منصفانہ اور مثالی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔

