کراچی : انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے جامعہ کراچی میں یکم اپریل سے اب تک تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر غفران عالم نے سندھ کی تمام جامعات میں تعلیمی سرگرمیوں کے ماہ رمضان کے بعد سے بحال ہو جانے کے باوجود جامعہ کراچی میں تعلیمی سرگرمیوں کو صرف دو دن تک محدود رکھنے پر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جامعہ کراچی کو بھی دوسری جامعات کی طرح مکمل طور پر کھولا جائے تاکہ سیمسٹر کے اختتام سے قبل طالب علموں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے منعقدہ جامعہ کراچی کے اساتذہ کے جنرل باڈی اجلاس میں بھی تعلیمی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کا مطالبہ سرفہرست تھا ۔
انجمن اساتذہ کے صدر نے کہا کہ آن لائن ٹیچنگ ہنگامی صورتحال میں متبادل تو ہو سکتا ہے لیکن اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کی بہتر منتقلی کا ذریعہ نہیں۔
غفران عالم نے جامعہ کراچی کے اساتذہ کی جنرل باڈی کی قرارداد کو دہراتے ہوئے جامعہ کراچی کو مکمل طور پر فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ اور حکام سے اس مطالبے پر فوری عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

