سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی اور اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے درمیان علمی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ ایم او یو پر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے دستخط کیے۔
ایم او یو کے مطابق ایس ایم آئی یو کے شعبہ انوائرمینٹل سائنس اور آئی یو بی کے انسٹی ٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری اینڈ ڈیولپمنٹ کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ دونوں یونیورسٹیوں نے باہمی دلچسپی کے تعلیمی شعبوں میں برابری اور باہمی تعاون کی بنیاد پر مبنی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں:کیا بیرون ملک جا کر HEC سے فراڈ کرنے والوں کے CNIC اور پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے ؟
دونوں جامعات فیکلٹی اور طلباء کے تبادلے کے پروگرامز، مشترکہ علمی و تحقیقی سرگرمیاں، مشترکہ انتظامات اور تحقیقی کانفرنسز، لیکچرز، سیمینارز، سمپوزیم، مختصر مدت کے تعلیمی پروگرامز اور اکیڈمک میٹنگز، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں اور تحقیقی منصوبوں میں مل کر کام کرینگے جبکہ اسکے علاوہ علمی مواد اور تحقیقی اشاعت کے تبادلے اور کاروباری ماحول کے نظام کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرینگے۔ ابتدائی طور پر یہ ایم او یو تین سال کی مدت تک جاری رہے گا اور جس میں باہمی رضامندی سے توسیع کی جائے گی۔
اس موقع پر آئی یو بی کے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری اینڈ انوائرنمنٹ ڈاکٹر غلام حسن عباسی، ڈاکٹر عمران علی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف انوائرمنٹل سائنسز، ایس ایم آئی یو کے وائس چانسلر کے مشیر برائے تعلیمی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ خان، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عامر اقبال، چیئرپرسن انوائریمینٹل سائنس ڈاکٹر عمران علی، ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ ڈین فیکلٹی آف آئی ٹی، ڈاکٹر زاہد علی چنڑ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور دیگر حکام موجود تھے۔
مزید پڑھیں:لاہور : کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں شادی کے فوٹو شوٹ پر سوشل میڈیا میں بحث
بعد ازاں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے جناح میوزیم، سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم، ٹی وی اور ریڈیو اسٹوڈیوز، خان بہادر حسن علی آفندی لائبریری، علامہ آئی آئی قاضی لائیبریری اور آئی ٹی ٹاور کا دورہ کیا۔