ہری پور : ہری پور میں قائم فیکٹری میں روزانہ 50 ہزار کروم بُک تیار ہوں گی جبکہ سالانہ ہدف 5 لاکھ رکھا گیا ہے، جو آئندہ 10 لاکھ تک پہنچے گا۔ اس منصوبہ سے ہزاروں نئی نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، مقامی صنعت مضبوط ہو گی اور ٹیکنالوجی کی برآمدات کا راستہ کھلے گا ۔
یہ منصوبہ گوگل کے ان پروگرامز کا تسلسل ہے جن کے تحت 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں بشمول اساتذہ، طلبہ، ڈیولپرز اور تخلیق کاروں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھائی جا چکی ہیں۔ اندازہ ہے کہ 2030 تک پاکستان کی برآمدات میں 6.6 ارب ڈالر (تقریباً 1.8 کھرب روپے) کا اضافہ متوقع ہے۔
گوگل اور حکومت پاکستان کے درمیان نئے معاہدے کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی۔ گیمنگ اور اسٹارٹ اپ صنعت کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے جائیں گے اور ایک لاکھ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے تاکہ نوجوان عالمی معیار کی نوکریوں کے اہل بن سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں بین الاقوامی کمپنیوں کے پاکستان آنے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔


