ہری پور : یونیورسٹی آف ہری پور اور گواہ ایڈورٹائزمنٹ کے درمیان باہمی مفاہمت نامہ طے پا گیا ، تعلیمی و صنعتی روابط کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت، یونیورسٹی آف ہری پور (UoH) نے تعلیمی و صنعتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے گواہ ایڈورٹائزمنٹ (SMC) پرائیویٹ لمیٹڈ، اسلام آباد کے ساتھ باہمی مفاہمت نامے (MoU) پر دستخط کیے ہیں ۔
یہ اشتراک یونیورسٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی اور پیشہ ورانہ مواقع بھی فراہم کیے جائیں اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے ، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے تاکہ طلبہ کو صنعت سے جڑی مہارتیں اور عملی تجربہ حاصل ہو سکے۔
اس معاہدے کی نمایاں خصوصیت ٹی ایم اے ہال ہری پور میں 3 روزہ ایجوکیشنل اینڈ جاب ایکسپو 2026 کا مشترکہ انعقاد ہے، جس میں یونیورسٹی آف ہری پور کلیدی کردار ادا کرے گی، مزید برآں، اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر سائنسی سیمینارز، کانفرنسز ، سمپوزیم اور ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔
اس کے علاوہ باہمی تعاون سے متعلق معلومات کا تبادلہ، اشاعتی مواد، رپورٹس اور دیگر تعلیمی دستاویزات کی فراہمی کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق تکنیکی اور مشاورتی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے طلبہ اور فیکلٹی کو جدید علمی و پیشہ ورانہ مواقع میسر آئیں گے ، یہ معاہدہ باضابطہ طور پر جناب ریاض محمد، رجسٹرار، یونیورسٹی آف ہری پور اور جنابشاہد اختر اعوان، سی ای او گواہ ایڈورٹائزمنٹ (SMC) پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان دستخط کیا گیا ، جس میں دونوں اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یونیورسٹی کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے ایک پریس کانفرنس سے سے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں انہوں نییونیورسٹی آف ہری پور کی تعلیمی و پیشہ ورانہ پیش رفت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس نوعیت کی شراکت داریاں طلبہ کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں، یونیورسٹی آف ہری پور اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے کہ وہ ایسی مؤثر شراکت داریاں قائم کرے جو طلبہ، فیکلٹی اور معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں اور اسے علم، تحقیق اور جدت کا ایک نمایاں مرکز بنائیں۔

