جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا نیا ڈائیگنوسٹک لیب اور ہیلتھ سینٹر بنانے کا اعلان ، یونیورسٹی لانڈھی سمیت مختلف جگہیں خالی ہونے کے باوجود کمرشل بنیادوں پر عمارت کرائے پر لے گی ۔
کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (JSMU) نے صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی اور ٹیسٹنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک نئے ڈائیگنوسٹک لیب اور ہیلتھ سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ نے کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس (DHA) فیز 8 میں کرائے پر کمرشل عمارت کے حصول کے لیے باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا ہے ۔
یونیورسٹی کی جانب سے دیئے گئے اشتہار کیمطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (DHA) فیز VIII، کراچی کا مین کمرشل ایریا میں بلڈنگ درکار ہے ۔ ایہ عمارت کم از کم (G+4) یعنی گراؤنڈ فلور اور 4 منزلہ جدید کمرشل عمارت ہو جو زیادہ سے زیادہ ایک سال پرانی ہو ۔
عمارت میں مسافروں کے لیے لفٹ (650 کلوگرام گنجائش)، ہو اور جدید انفراسٹرکچر، ہر منزل پر واش رومز، اور کشادہ ہوادار کمروں کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔
یونیورسٹی کی جانب سے شرط عائد کی گئی ہے کہ کرایہ داری کا ابتدائی معاہدہ 3 سال کے لیے کیا جائے گا ، جسے فریقین کی باہمی رضامندی سے مزید بڑھایا جا سکے گا ۔
دلچسپی رکھنے والے مالکان کو 2,000,000 (بیس لاکھ) روپے کا پے آرڈر بحق “جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی” جمع کرانا ہو گا۔ پراپرٹی مالکان یا ان کے نمائندے 15 اگست سے 29 اگست 2026 تک یونیورسٹی کی ویب سائٹ یا پروکیورمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے بڈنگ دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں۔
تجاویز اور پرپوزل جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اگست 2026 کی صبح 9:00 بجے مقرر کی گئی ہے، جب کہ اسی روز صبح 9:30 بجے مجاز نمائندوں کی موجودگی میں بولیاں کھولی جائیں گی ۔
حیران کن طور پر یونیورسٹی کی اپنی زمین لانڈھی میں ہے جس میں وسیع جگہ موجود ہے اور اس کے علاوہ جناح پوسٹ گریجویٹ میدیکل سینٹر میں بھی وسیع جگہ موجود ہے لیکن اس کے باوجود فیز 8 جیسے مہنگے ترین علاقے میں لیب کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔


