کراچی : بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری نے سمر سمسٹر 2026 کی پالیسی اور شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کلاسز کا آغاز 10 جون سے کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سمر سمسٹر کے لیے دیگر بھی اہم فیصلے کیئے گئے ہیں ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سمسٹر کی کلاسز 10 جون سے شروع ہونگی اور سمسٹر کا اختتام 10 اگست 2026 کو ہو گا ۔ 08 ہفتے سمر ویکیشن ہونگی اور ہفتہ وار کلاسز کے تحت سلیبس مکمل کرنے کے لیے ہر کورس کی ہفتے میں 2 کلاسز ہوں گی ۔

سمر سمسٹر میں کوئی بھی کورس شروع کرنے کے لیے کم از کم 10 طلبہ کا ہونا لازمی ہے۔ تمام امتحانات، کوئز، اسائنمنٹس اور پریزنٹیشنز مقررہ وقت اور سمر سمسٹر کی اکیڈمک ضروریات کے مطابق لیے جائیں گے ۔ سمر سمسٹر میں پڑھانے والے فیکلٹی ممبران کو وزٹنگ فیکلٹی کے منظور شدہ ریٹس کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کوئی پرائیویٹ ادارہ نہیں ہے۔ یہ گورنمنٹ یونیورسٹی ہے جہاں زیادہ تر طلباء غریب، متوسط طبقے اور مالی طور پر کمزور پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والدین محنت مزدوری کرتے ہیں، چھوٹے کاروبار کرتے ہیں یا معمولی تنخواہ پر گزارا کرتے ہیں ۔ ایسے طلباء کے لیے اچانک اتنی بڑی فیس کا بوجھ برداشت کرنا ناممکن ہے۔
والدین کا کہناہے کہ حکومت سندھ، ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ اور متعلقہ حکام سے گزارش ہے کہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کریں اور پرانی فیس بحال کریں ۔ طلباء کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔

