اسلام آباد : اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے ترجمان اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی جانب سے مدارس کے فضلاء کے لیے ٹیسٹ کو موخر کرنے کو خوش آئند قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس کے مشترکہ موقف کے اعلان کے فوری بعد آج 25 مئی کو جاری ہونے والا نوٹیفکیشن درست سمت کی طرف قابل تحسین پیش رفت ہے، مولانا جالندھری نے مطالبہ کیا کہ مدارس بارے کوئی بھی پالیسی بنانے سے قبل اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کو اعتماد میں لینے کا اہتمام کیا جائے اور تمام پالیسیاں باہمی مشاورت سے تشکیل دی جائیں ۔
تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے 13 مئی کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ایم فل (MS/MPhil) اور پی ایچ ڈی (PhD) پروگرامز میں داخلوں کے لیے GRE/HAT جنرل اور سبجیکٹ ٹیسٹ کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔
جس پر 24 مئی کو دینی مدارس کے نمائندہ وفاقوں اور تنظیمات کے مشترکہ پلیٹ فارم اتحاد تنظیمات مدارس کے قائدین کی طرف سے باہمی مشاورت سے میڈیا کے لیے متفقہ موقف جاری کیا گیا تھا اور اس فیصلے کو دینی مدارس کے فضلاء کے لیے عصری تعلیم کے دروازے بند کرنے کی کوشش قرار دیا گیا تھا۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے اتحاد تنظیمات مدارس کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے آج 25 مئی 2026ء کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے ذریعے اس فیصلے پر فوری علمدار روک دیا گیا ہے ۔ اتحاد تنظیمات مدارس کے ترجمان مولانا محمد حنیف جالندھری نے ایچ ای سی کے اس نوٹیفکیشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے دینی مدارس کے طلبہ و فضلاء میں پیدا ہونے والا فوری اضطراب اور تشویش ختم ہوئی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ دینی مدارس کے فضلاء کے لیے کسی امتحانی یا ٹیسٹنگ نظام کے اصولی تصور سے انکار نہیں، تاہم ضروری ہے کہ GRE/HAT جنرل اور سبجیکٹ ٹیسٹ کو مدارس کے تعلیمی پس منظر، نصاب اور متعلقہ تخصصات سے ہم آہنگ بنایا جائے۔اور ٹیسٹ عربی یا قومی زبان اردو میں لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس سے متعلق کوئ بھی پالیسی تشکیل دیتے ہوئے اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔ باہمی مشاورت کے بغیر کیے گئے فیصلے نہ صرف اضطراب کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان سے مساوی تعلیمی مواقع کے اصول بھی متاثر ہوتے ہیں۔
اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین HEC پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور متعلقہ ذمہ داران آئندہ اس معاملے پر تنظیماتِ مدارس کے قائدین سے تفصیلی مشاورت کریں گے تاکہ ایک ایسی متوازن، جامع اور قابلِ عمل پالیسی تشکیل دی جا سکے جو تمام تعلیمی طبقات کے لیے یکساں اور منصفانہ مواقع کی ضامن ہو۔

