کراچی : جامعہ کراچی اسٹاف کلب میں گزشتہ روز ٹیگ کے زیر اہتمام اساتذہ، افسران اور ملازمین کا اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں ہاؤس سیلنگ سے متعلق اظہار خیال کیا گیا ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 2 نومبر 2023 کو ہونے والے سینڈیکیٹ اجلاس کے ایجنڈہ میں نمبر 7 پر ہاؤس سیلنگ بطور ایک آئٹم شامل کیا گیا ہے اور یہ دعوی کیا گیا ہے کہ یہ جامعہ کے کسی بھی ادارہ سے منظور شدہ نہیں ہے اسی لیے اسے ختم کیا جائے ۔
اس میٹنگ میں جامعہ سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کے افراد نے بھرپور شرکت کی اور بڑی تفصیل سے اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر ریاض رکن سنڈیکیٹ نے خصوصی شرکت کی اور تفصیل سے بتایا کہ کس طرح یہ ایک غیر متعلقہ ادارہ کے ایجنڈہ حصہ بن ہی نہیں سکتا۔ جس پر حاضرین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
تمام حلقوں کی جانب سے انتظامیہ کے ان اقدامات پر گہری تشویش اور غم و غصہ کا اظہار کیا گیا جس میں آئے دن اساتذہ اور ملازمین کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔ جامعہ کراچی ایک بہت بڑا ادارہ ہے جس کے پاس مالی وسائل کی کمی نہیں ہے۔
اجلاس کے شرکا نے کہا کہ ایک بڑا بجٹ ہونے کے باوجود یہ بہت بڑے مالی بحران کا شکار ہے ۔ جب کہ اس مہنگائی کے دور میں لوگوں کی مالی حالت سب کے سامنے ہے۔ تمام شرکاء نے یک زبان ہو کر اس بات کا اعادہ کیا کہ جامعہ کراچی کے ملازمین کی ہاؤس سیلنگ میں کٹوتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس پر مستزاد یہ کی مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کے بعد جب کہ تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافہ ہونا چاہیے ۔ اس قسم کی مالی قدغن ناقابل قبول ہے۔
اجلاس میں اس بات پر حیرت اور تشویش ظاہر کی گئی کہ جب ہاؤس سیلنگ 2006 میں جامعہ کے متعلقہ اداروں سے منظور کر لی گئی ہے تو اب ایک غیر متعلقہ ادارہ کے ایجنڈہ کے آئیٹم میں اس کا غلط اندراج کیا ہی کیوں گیا۔ حاضرین نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ وہ اپنے مالی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ذریعہ استعمال کریں گے۔
اجلاس میں مختلف قرار دادیں بھی پیش کی گئیں جن میں کہا گیا کہ "تمام حاضرین نے متفقہ طور پر یہ مطالبہ کیا کہ اسے سنڈیکیٹ کے ایجنڈہ سے میٹنگ سے قبل ہی فورا ہٹایا جائے” ۔ تمام حلقوں کی جانب سے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ اور منظور کردہ تنخواہوں میں 30 / 35 فیصد اضافہ بھی اب تک جاری نہیں کیا گیا۔”اس سلسلے میں پہلے مرحلہ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم نومبر 2023 بروز بدھ یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا” ۔ اجلاس کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر سربراہ ٹیگ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔