جمعرات, ستمبر 12, 2024
صفحہ اولتازہ ترینوفاقی اردو یونیورسٹی : اساتذہ کا 15 دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع...

وفاقی اردو یونیورسٹی : اساتذہ کا 15 دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ نے جمعرات 15 دسمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق اردو یونیورسٹی میں اس وقت سنگین مالی بحران ہے جس کی وجہ سے موجودہ ماہ کی مکمل تنخواہیں اور رینٹل سیلنگ الائونس اب تک ادا نہیں کیا گیا جبکہ حال ہی میں تقرر کیے گئے اساتذہ کو گزشتہ 6 ماہ سے کوئی تنخواہ ادا نہیں کی گئی ۔

اس کے علاوہ شام کے اوقات میں فرائض انجام دینے والے اساتذہ اور دیگر ملازمین کو بھی کوئی ادائیگیاں نہیں کی جا رہیں ۔ اساتذہ و صدور شعبہ جات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان بنیادی ادائیگیوں کے علاوہ شعبہ جات کے روزمرہ اخراجات کے لیے احتمالی رقوم بھی نہیں مل رہیں جس کی وجہ سے شعبوں کے امور کی انجام دہی اب ممکن نہیں رہی۔

مذید پڑھیں : جامعہ کراچی : ایم ایڈ کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان

ان اساتذہ و صدور شعبہ جات کا کہنا ہے کہ ہر شعبہ میں کئی اساتذہ جزوقتی طور پر تدریسی فرائض انجام دیتے ہیں، ان جز وقتی اساتذہ کو بھی گزشتہ ایک سال سے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی جس کے باعث اب ان شعبوں میں امتحانات کا انعقاد بھی مشکل ہو چکا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ اب تک سلیکشن بورڈ مکمل نہیں کیا گیا اور سینئر اساتذہ ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ان حالات کے مدنظر اور منتحب متعلقہ انجمنوں کی طرف سے فوری طور پر کوئی عملی اقدام نہ کرنے کی وجہ سے گذشتہ چند دن سے اساتذہ نے No Salary No Work کا نعرہ بلند کیا ہوا ہے۔

شعبہ جات کے انچارج صاحبان نے گزشتہ ڈیڑھ سال کی شام کی ادائیگیاں ہونے تک شام کی کلاسز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور اساتذہ کے مسائل اور انتظامیہ کی طرف سے ان مسائل کو حل کرنے میں ناکامی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا گیا ہے اور کل سے ہی اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین