اتوار, اکتوبر 20, 2024
صفحہ اولNewsحکومت دینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے کے NOC میں رکاوٹوں سے...

حکومت دینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے کے NOC میں رکاوٹوں سے گریز کرے : مولانا محمد حنیف جالندھری

اسلام آباد : وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے مُختلف اضلاع سے دینی مدارس پر کھالیں جمع کرنے کی پابندی اور این او سی کے اجراء میں تاخیری حربے اختیار کرنے کی شکایات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے لیے قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندیاں لگانا اور رکاوٹیں کھڑی کرنا افسوسناک ہے، دینی مدارس پاکستان کا سب سے بڑا رفاہی نیٹ ورک ہے جو لاکھوں بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کا انتظام کرتا ہے اسے مختلف حیلے بہانوں سے مالی مشکلات میں مبتلا کرنے سے گریز کیا جائے ۔

مولانا جالندھری نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ بیرونی ایجنڈے پر مدارس اور حکومت کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے طرز عمل کا نوٹس لیں ۔

مولانا جالندھری نے کہا کہ مدارس کے لیے مشکلات پیدا کرنا حکومت کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہے اور مدارس اور حکومت کے مابین اعتماد سازی کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے ۔

مولانا جالندھری نے مدارس کے ذمہ داران سے کہا کہ وہ ضلعی سطح پر مشترکہ طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ اور معاملات کریں اور اگر کوئ مشکل پیش آئے تو وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کو فوری طور پر آگاہ کریں ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین