سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام گریڈ سترہ میں تعینات ہونے والے نئے لیکچررز کے اعزاز میں تقریبِ استقبالیہ کا اہتمام سرسید گورنمنٹ گرلز کالج ناظم آباد میں کیا گیا۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی سیکریٹری کالجز صدف ا نیس جبکہ مہمانانِ اعزازی میں پروفیسر صالح عباس ڈی جی کالجز سندھ، پروفیسر منور عباس مرکزی صدر سپلا، پروفیسر شاہجہاں پنھورسیکریٹری جنرل سپلا اور پروفیسر محمد سلیمان سیال آرڈی کراچی تھے۔
اس تقریب میں مردو خواتین و لیکچررز کی بڑی تعداد اور مختلف کالجز کے پرنسپلز نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتےہوئے سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس اور سیکریٹری جنرل پروفیسر شاہجہاں پنھور نے محکمہ کالج ایجوکیشن میں تعینات ہونے والے تمام نئے لیکچررز کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آپ نئے لیکچررز بہت باصلاحیت اور پر جوش دِکھ رہے ہیں آئیں مل کے اس صوبے اور اس ملک کے نونہاروں کو علم کے زیور سے آراستہ کر یں۔
سپلا کے رہنماؤں نے سپلا کی جدوجہد اور عزم کا بھی اظہار کیا اور سکریٹری کالجز سے ہیلتھ کارڈ کے اجرا کا بھی مطالبہ کیا۔ تقریب سے سیکریٹری کالجز صدف انیس نے تقریب میں موجود نئے لیکچررز سے حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے سپلا کی جانب سے تعینات ہونے والے نئے لیکچررز کے اعزاز میں استقبالیہ دینے اور حلف لینے کی نئی روایت کو بہت خوش آئند قرار دیا۔
سیکرٹری کالجز نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ استاد کا کام سب سے زیادہ اہم ہے،آپ لوگ زندگیاں بنا بھی سکتے ہیں اور بگاڑ بھی سکتے ہیں۔ آپ معاشرہ ساز ہیں اور کسی بھی مہذب معاشرے کی تشکیل آپ اساتذہ کے بغیر ممکن نہیں۔محکمے میں کافی بہتری آرہی ہے جس کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں،
آپ کے ہیلتھ کارڈ کے مطالبے پر بھی کام کریں گے ، سینیارٹی رولز پر بھی کام جاری ہے، شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم کے ساتھ ساتھ ہم مانٹیرنگ ریولیشن سسٹم پر بھی کام کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ آپ کو بہت مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔
تقریب سے ڈی جی کالجز سید صالح عباس رضوی ، آرڈی کراچی پروفیسر سلیمان سیال ، پروفیسر رسول قاضی، پروفیسر محمد عدیل خواجہ ، پروفیسر شبانہ افضل ، لیکچرر شرجیل ، لیکچرر زریں فاطمہ، پروفیسر کنول مجتبیٰ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔