جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جےایس ایم یو) کے انسٹیٹیوٹ آف فزیکل تھراپی اینڈ ری ہیبلی ٹیشن (آئی پی ٹی آر) کےتحت فزیکل تھراپی کا عالمی دن منانے کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیا جس کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد طلباء نے ایک مختصر ٹیبلو پیش کیا، جس میں ‘گٹھیا کے علاج کیلئے فزیوتھراپی’ کی اہمیت کو اجاگر کیاگیا اور یہ پیغام دیا گیا کہ گھٹیا کے مریضوں کو گھٹنوں کی تبدیلی کے عمل سے گزرنے کی ضرورت نہیں، بروقت اور مکمل فزیوتھراپی سے جلد ہی اس کا علاج ممکن ہے۔
اس سلسلے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجدسراج میمن نے فزیوتھراپی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ فزیوتھراپی سے جسم کی طاقت اور پٹھوں کی بحالی میں مدد ملتی ہے، انہوں نےفزیوتھراپسٹ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپ فزیو تھراپی کرکے مریضوں کی امید بحال کرتے ہیں جس سے انہیں انکی زندگی میں ایک خوشگوار احساس محسوس ہوتا ہے۔ڈین آف بیسک میڈیکل سائنسزپروفیسر اظہر مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ فزیوتھراپی محض ایک منزل نہیں بلکہ خود کی دیکھ بھال اور خود کو بہتر بنانے کا ایک عمر بھر کا سفر ہے۔
انہوں نےطلباء کو عرب اور مغربی ممالک میں فزیوتھراپسٹ کے لیے روزگار کے بڑھتے مواقع کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ڈائریکٹر آئی پی ٹی آرڈاکٹر محمد خان نے فزیوتھراپی کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئےبرطانیہ کے نیشنل ہیلتھ سروس میں اپنے تجربات شیئر کیے۔ ڈاکٹر خان نے طلباء کو اس بارے میں آگاہ کیا کہ فزیوتھراپسٹ گٹھیا کےمریضوں کوکس حد تک ورزش کروا سکتے ہیں۔ رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے معاشرے میں فزیو تھراپسٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جہاں جان بچاتے ہیں وہیں فزیو تھراپسٹ ان لوگوں کومعمول کی زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
آئی پی ٹی آر کی لیکچرار ڈاکٹر ندا وحیدنے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے ہیلتھ کیئر سیکٹر میں فزیوتھراپی کے دائرہ کار کے بارے میں آگاہی دی ۔انہوں نے آرتھرائیٹس، فالج اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر روشنی ڈالتے ہوئےکمیونٹی میں مزید باصلاحیت فزیوتھراپسٹس کی ضرورت کو اجاگر کیا۔کلینیکل انسٹرکٹر ڈاکٹر محمد فہدنے طلبا اور فیکلٹی کا اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیااورورزش کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فزیوتھراپی کے بغیر جسمانی معذوری ایک حقیقت ہے، لیکن فزیوتھراپی کے ساتھ کچھ بھی ممکن ہے۔سیمینار کا انعقاد آئی پی ٹی آر کے فیکلٹی اور طلباء نے کیاجن میںڈاکٹر محمد فہد خان، وحید بلو، عریبا، ایمن، رابعہ، حرا نوید، علشبہ بھٹو، احسن، امداد، شیراز اور فخر شامل ہیں۔ سیمینار کا اختتام مختلف ایوارڈز کی تقسیم کے ساتھ کیا گیا۔