ہفتہ, نومبر 16, 2024
صفحہ اولتازہ ترینامسال ایک لاکھ بچے قرآن حفظ کرنے کی سعادت حاصل کریں گے...

امسال ایک لاکھ بچے قرآن حفظ کرنے کی سعادت حاصل کریں گے : مفتی محمد تقی عثمانی

کراچی : وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت امسال ایک لاکھ طلبہ و طالبات قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ، اللہ نے قرآن مجید کی حفاظت کا جو وعدہ فرمایا ہے تو اللہ نے اس کی حفاظت کے لئے ایک ایسا عجیب طریقہ مقرر فرمایا جس کی نظیر دنیا میں نہیں، اللہ تعالیٰ ان بچوں سے قرآن مجید کی حفاظت کا کام لے رہیں ، جو وعدہ اللہ نے کیا اسے ان بچوں کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے ۔ اسلام نے دین کے کاموں میں مقابلہ بازی کی ترغیب دی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت مسابقات حفظ قرآن کے سلسلے میں صوبائی مقابلہ ( مسابقہ ) منعقدہ جامعہ دارلعلوم کورنگی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مسابقات حفظ قرآن کی صوبائی سطح کے اس مقابلے میں میں سندھ بھر کے اضلاع سے منتخب 11 طلباء نے حصہ لیا۔ اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکریٹری مولانا حنیف جالندھری ، صوبائی ناظم مولانا امداد اللہ یوسف زئی نے بھی خطاب کیا، جبکہ مفتی زبیر اشرف عثمانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ان مسابقات کے ذریعہ طلباء کی تعلیمی صلاحیت میں اضافہ کی اہمیت پر گفتگو کی۔

مقابلوں میں صوبائی سطح پر پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اسلام آباد میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شریک ہوں گے، وفاق المدارس کی مرکزی مسابقہ کمیٹی کے کنوینئر مولانا قاری احمد میاں تھانوی نے ان مسابقات کی اہمیت پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا۔

مسابقات حفظ قرآن کے صوبائی سطح کے اس مقابلے میں ادارہ معارف القرآن گلزار ھجری کے طالبعلم محمد جان بن عبداللہ جان نے پہلی، مدرسہ سراجیہ ظہیریہ منظور کالونی کے حارث احمد بن مثقال الدین نے دوسری اور مدرسہ جامع القرآن عثمان بن عفان ناظم آباد کے محمد جنید بن عبد العزیز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مذید پڑھیں : کالج کے طالب جاپانی نوجوان کی دلچسپ قبولِ اسلام کی کہانی

پوزیشن حاصل کرنے والے اور دیگر آٹھ شرکاء کو بھی نقد انعامات و اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے رکن ومعاون صوبائی ناظم مولانا ناصر محمود سومرو نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم محمد جان بن عبداللہ جان اور ان کے استاد کو فوری طور پر عمرے پر بھیجنے کا اعلان کیا، جب کہ مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید سمیت مولانا عبدالستار، مولانا راحت علی ہاشمی، وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی و مولانا حکیم محمد مظہر سمیت دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔

مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ان مسابقات کے انعقاد کا ایک سبب یہ ہے کہ لوگوں میں قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کا شوق پیدا ہو، نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی بعثت کا ایک مقصد قرآن کی تلاوت ہے ، جس طرح اس قرآن کو سمجھ کر عمل کرنا مقصود ہے، اسی طرح قرآن مجید کی تلاوت بھی مقصود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا اور دنیا میں جتنے بھی مذاہب ، علوم اور زبانیں موجود ہیں اس میں اس بات کی نظیر نہیں ملتی کہ یہ طے کیا گیا ہو کہ کون سا لفظ کس مخرج سے اور کن اصول کے تحت ادا ہو گا، یہ قرآن مجید کے لیے ہی اللہ نے ایسی زبان کا انتخاب کیا جس میں ان تمام اصول و قواعد کا خیال رکھا گیا ہے ، قرآن مجید کی تلاوت کرنے والا ایسا ہی پڑھے گا جیسے جبرائیل امین نے آپ صلی اللہ علیہ والہ و سلم کو پڑھایا اور جس طرح آپ صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے پڑھا ۔

انہوں نے کہا کہ الحمد للہ اس سال وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحقہ مدارس میں ایک لاکھ حفاظ کرام تیار کئے گئے ہیں،ان مسابقات سے عوام کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ خدارا قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کی استعداد اپنے اندر پیدا کریں، دنیا کے کاموں میں مسابقت مذموم عمل ہے لیکن دین کے کاموں میں مسابقت کی ترغیب دی گئی ہے، یہ ان مسابقے بابرکت ہے، ان شاءاللہ اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مذید پڑھیں : جامعہ کراچی : تنخواہوں کی ممکنہ تاخیر کے پیش نظر انجمن اساتذہ کو تشویش ‛ 30 دسمبر کو دوبارہ اجلاس بلا لیا

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا قاری حیف جالندھری نے کہا کہ کلام اللہ کی تلاوت سے اللہ کی رحمت متوجہ ہوتی ہے، پاکستان جن مسائل اور معاشی مشکلات کا شکار ہے، پورے ملک میں مسابقات کے انعقاد سے یہ مسائل ختم ہوں گے ، مصیبتیں راحتوں میں تبدیل ہوں گی، آج جو بچے ان مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، آج جو بچے یہاں قرآن سنا رہے ہیں یہی دینی مدارس کی کارکردگی ہے، ہم نے ان مسابقات کی صورت میں بھی اپنی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کی ہے ، ان شاءاللہ اس سے لوگوں میں قرآن پڑھنے کا شوق پیدا ہو گا، دنیا کی خواہش تھی کہ مدارس ختم ہو جائیں لیکن دینی مدارس اور ان میں پڑھنے والے طلبا کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے ، گزشتہ سال نوے ہزار طلبہ نے حفظ قرآن مکمل کیا تھا اس سال وفاق المدارس سے ملحق مدارس میں ایک لاکھ طلبہ نے حفظ قرآن مکمل کیا ہے جو امتحانات میں شریک ہوں گے ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت دارالعلوم کراچی میں منعقدہ شاندار پروگرام
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت دارالعلوم کراچی میں منعقدہ شاندار پروگرام

وفاق المدارس العربیہ سندھ کے ناظم مولانا امداد اللہ یوسف زئی نے کہا کہ اس کم عمری میں بہترین لہجے کے ساتھ تلاوت کرنا قرآن کریم کا اعجاز ہے، ان مسابقات میں چھ سال کے بچے نے بھی تلاوت کی، چھ سال کا بچہ اگر حفظ قرآن مکمّل کر رہا ہے تو یہ قرآن کا اعجاز نہیں تو پھر کیا ہے؟ یہ وفاق المدارس اور دینی مدارس کی برکات ہیں، الحمدللہ دنیا بھر میں پاکستان کے میں سب سے زیادہ حفاظ تیار ہوتے ہیں ۔

اس موقع پر مرکزی مسابقہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر مولانا عبدالوحید نے پہلے مسابقات حفظ قرآن کے کامیاب انعقاد پر تمام اراکین وفاق المدارس،مسابقہ کمیٹی کے جملہ اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ان شاءاللہ کل 26 تاریخ کو صوبہ خیبر پختونخوا کا پشاور میں اور 27 بروز منگل کو صوبہ پنجاب کا لاہور میں صوبائی حتمی مسابقات ہونگے۔ جب کہ 29 تاریخ بروز جمعرات کو بلوچستان کا کوئٹہ میں انعقاد ہو گا۔

مذید پڑھیں : ہائر ایجوکیشن کمیشن کا 2 سالہ ڈگری پروگرام کی نئی پالیسی کا اعلان

نیز میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی،ناظم صوبہ سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی، مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید، مرکزی مسابقہ کمیٹی کے کنوینئر مولانا قاری احمد میاں تھانوی ، ڈپٹی کنوینئر مولانا عبدالوحید ،راولپنڈی سے بطور جج شریک مولانا قاری محمد آصف کو مسابقہ کمیٹی سندھ کی جانب سے ان کی بہترین خدمات پر بطور یاد گار صدر وفاق اور ناظم اعلی نے نشان اعزاز پیش کیا۔

جب کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کیلئے بہترین تعلیمی شخصیات کا نشان اعزاز پروفیسر ڈاکٹر سعد قاضی نے وصول کی۔ پروگرام میں کراچی کے مسؤلین مولانا قاری حق نواز، مولانا عبیدالرحمن چترالی، مولانا منظور احمد ،مفتی اکرام الرحمن ،مولانا قاسم عبداللہ ،مولانا اظہار الحق، مولانا محمد سلیم (مسؤل سانگھڑ) اور مرکزی و صوبائی مسابقہ کمیٹی کے اراکین مفتی خالد محمود، مولانا قاری عبدالرحمن ، مولانا قاری زبیر احمد، مولانا عمران عثمان، مولانا محمد فیصل، مفتی عمر فاروق، مولانا قاری عطاء الرحمن ، مولانا اسامہ حقانی، قاری محمد الیاس، مولانا انیس الرحمن، مولانا طیب عثمانی سمیت مولانا عمران اشرف عثمانی ، مولانا قاری فیض اللہ چترالی، مولانا رضاء اللہ یوسف زئی، مولانا اعجاز صمدانی،مفتی یحییٰ اقبال، مولانا حسان اشرف عثمانی، مفتی طلحہ اقبال، قاری حبیب الرحمن، مولانا ضیاء الرحمن مدنی،مولانا رضوان عثمان، مولانا رشید احمد خاکسار ،مولانا اسامہ خطیب سمیت سیکڑوں علماء وہزاروں طلباء موجود تھے۔ جب کہ منصفین کے فرائض مولانا قاری محمد آصف، مولانا قاری محمد تسلیم غوری، مولانا قاری عنایت اللہ نے انجام دئیے ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین